ملبورن ۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ٹینس دنیا میں دو ابھرتی اور شاندار کھلاڑیوں کے درمیان کل ایک اہم اور دلچسپ مقابلہ متوقع ہے جیسا کہ دفاعی چمپئن نومی اوساکا امریکی ٹینس اسٹار کوری گاف کا سامنا کرے گی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان یہ دوسرا مقابلہ ہے جیسا کہ اس سے قبل گذشتہ برس یو ایس اوپن کے دوران اوساکا اور گاف کا مقابلہ ہوا تھا۔ امید کی جارہی ہیکہ آئندہ ایک دہے یا اس سے زیادہ کے وقت کیلئے بھی ان دو کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلے ہوں گے جس سے ایک نئی حریف جوڑی ٹینس کی دنیا میں سامنے آئی گی۔ 38 سالہ سرینا ولیمس کو خاتون زمرہ کی چمپئن کھلاڑی تصور کیا جاتا ہے لیکن 22 سالہ اوساکا نے متعدد مرتبہ سرینا کو شکست دیکر ان کی جانشینی کا دعویٰ کردیا ہے جس کے ساتھ 15 سالہ کوری گاف جنہوں نے پہلے مرحلہ کے مقابلہ میں وینس ولیم کو شکست دی ہے، ان کی حریف مانی جارہی ہے۔ سرینا ولیمس جو کہ آسٹریلین اوپن میں ریکارڈ 44 ویں گرانڈ سلام کا تعاقب کررہی ہیں۔ گاف کے مظاہروں پر انہوں نے کہا کہ وہ ابھرتی نوجوان امریکی کھلاڑی کے مظاہروں سے کافی متاثر ہیں اور وہ صرف 15 برس کی ہیں جس میں اس طرح کے مقابلے قابل ستائش ہیں۔ گاف جوکہ آسٹریلین اوپن میں پہلی مرتبہ شرکت کررہی ہیں جوکہ اس ٹورنمنٹ میں سب سے نوجوان کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ یو ایس اوپن کے تیسرے مقابلہ میں جاپانی کھلاڑی اوساکا نے گاف کو شکست دی تھی۔
