لاگوس ۔3جولائی (سیاست ڈاٹ کام)افریقی ملک نائیجیریا کے وسطی علاقے میں تیل سے بھرا ہوا ٹینکر حادثے کا شکار ہوا جہاں شہریوں کی بڑی تعداد گرے ہوئے تیل کو بوتلوں میں بھرنے کے لیے جمع ہوگئی اور اسی دوران دھماکے سے کم از کم 45 افراد جھلس کر ہلاک اور 101 سے زائد شدید زخمی ہوگئے ۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق تیل سے بھرا ہوا ٹینکر ریاست بینیو کے گاؤں آہمبے سے گزر رہا تھا کہ ایک دکان کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔حادثے کے بعد مقامی افراد جائے وقوع پر جمع ہوگئے اور زمین پر گرے ہوئے تیل کو جمع کررہے تھے کہ اس دوران آگ لگی اور دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔صوبہ بینو کی وفاقی روڈ سیفٹی کمیشن کے سیکٹر کمانڈر عالیو بابا کا کہنا تھا کہ‘‘ہمیں 45 افراد کی نعشیں ملی ہیں اور 101 سے زائد افراد شدید زخمی ہیں جو جھلس گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ‘‘زخمیوں کی حالت اور صورت حال کو دیکھتے ہوئے ان میں سے کئی افراد کے بچنے کی امید بہت کم ہے۔ سیکٹر کمانڈر کا کہنا تھا کہ جائے وقوع پر آگ اس وقت لگی جب ایک مسافر بس وہاں سے گزری اور ٹینکر سے جاٹکرائی۔روڈ سیفٹی کمیشن کے سیکٹر کمانڈر نے مزید کہا کہ ہلاک شدگان میں سے 16 بس کے مسافر ہیں جن میں دو بچے اور حاملہ خاتون بھی شامل ہیں’’۔