ٹینک بنڈ اور نکلس روڈ پر حادثات و خودکشی کے واقعات

   

سیاحوں کی سلامتی یکسر نظر انداز ، حفاظتی اقدامات لازمی
حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز) ٹینک بنڈ ، نکلس روڈ اور آس پاس کے علاقوں میں مسلسل کوئی نہ کوئی واقعہ پیش آرہا ہے اور عدم نگرانی کی وجہ سے حسین ساگر میں خودکشی کرنے والوں کا سلسلہ بھی جاری ہے تو اشرار وہاں آنے والے سیاحوں کو پریشان کررہے ہیں اور بعض عاشق جوڑے حدود تجاوز کررہے ہیں۔ الغرض قصہ مختصر یہ کہ سیاحوں کی حفاظت کو بری طرح نظرانداز کیا جارہا ہے۔ شہر کے خوبصورت و سیاحتی مقامات میں سے حسین ساگر بھی ایک ہے اور نکلس روڈ پر واقع تمام پارکوں میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کردیئے جانے والے ہیں کیونکہ ایچ ایم ڈی اے نے 20-15 کلو میٹر کے حدود میں کہیں پر کوئی بھی واقعہ پیش آئے تو صرف چند سکنڈس کے اندر اطلاع فراہم کرنے والے جدید تکنیکی آلات کی تنصیب کا فیصلہ کیا ہے اور ان تمام علاقوں میں 208 کیمروں کی تنصیب کا کام 15 دن کے اندر مکمل ہونے والا ہے۔ شہر میں بڑھتی ہوئی آبادی اور تعمیرات کے جال نے شہر کو کانکریٹ کے صحرا میں تبدیل کردیا ہے اور عوام اس صحرا سے مختصر وقفہ کیلئے ہی سہی نجات حاصل کرنے کیلئے تعطیلات کے علاوہ ہفتہ و اتوار کے دنوں میں بڑی تعداد میں یہاں آتے ہیں اور یہاں موجودسنجیویا پارک ، لمبنی پارک، این ٹی آر گارڈن وغیرہ میں افراد خاندان کے ساتھ وقت گذارتے ہیں اور یہاں آنے والے سیاحوں میں ملکی و غیر ملکی سیاح بھی ہوتے ہیں۔ 12 ڈسمبر 2000 کو تشکیل شدہ بی پی پی اے کی جانب سے بروقت دیگر انتظامات کو تو مسافرین کیلئے کئے جارہے ہیں البتہ سیاحوں کے تحفظ کے اقدامات پر زیادہ توجہ نہیں دے رہی ہے۔ جبکہ 2007 میں لمبنی پارک میں بم بلاسٹ بھی کئے گئے تھے اور اس کے بعد وقتی طور پر کچھ حفاظتی اقدامات اٹھائے گئے تھے مگر اس کے بعد سے تاحال اس جانب توجہ نہیں دی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے پارکوں کی حالت زار مزید ابتر ہوتی جارہی ہے۔ کافی عرصہ کے بعد ہی سہی اب بی پی پی اے کے افسران نے سیاحوں کو راغب کرنے کی جانب توجہ مبذول کی ہے اور سب سے پہلے حفاظتی اقدامات و انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے لہذا حسین ساگر کے اطراف انتہائی طاقتور سی سی کیمرے نصب کئے جائیں گے اور ساتھ ہی این ٹی آر گارڈن، لمبنی پارک اور سنجیویا پارک میں بھی کیمروں کو نصب کیا جائے گا اور اس معاملہ میں تلنگانہ اسٹیٹ ٹکنالوجی سرویسیس کا تعاون حاصل کیا ہے اور بی پی پی اے کے دفتر میں ان تمام کیمروں کا کمانڈ کنٹرول قائم کیا جائے گا جہاں سے بروقت حالات پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور ساتھ ہی ان کیمروں کو سٹی پولیس کے دفتر میں واقع کمانڈ کنٹرول سے بھی مربوط کیا جائے گا اور کام تیزی سے جاری ہیں۔