حیدرآباد۔یکم۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے خوف کے سائے تفریحی ایونٹ’’سنڈے فنڈے ‘‘ پر بھی دیکھے جانے لگے ہیں۔ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق مسٹر اروندکمار نے اپنے ٹوئیٹر پیام کے ذریعہ اس بات سے مطلع کیا ہے کہ 5 ڈسمبر کو ٹینک بنڈ پر ہونے والا سنڈے فنڈے منعقد نہیں کیا جائے گا کیونکہ دنیا بھر میں اومی کرون کے متعلق جاری اطلاعات کے سبب ہجوم کو یکجا کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے بتایا کہ حسب معمول ٹینک بنڈ کو اتوار کے دن ٹریفک کے لئے کھلا رکھا جائے گا لیکن سنڈے فنڈے کے پروگرامس کا انعقاد عمل میں نہیں لایا جائے گا۔ چارمینار کے دامن میں 15دن میں ایک مرتبہ منعقد ہونے والی ’ایک شام چارمینار کے نام‘ پروگرام کے سلسلہ میں انہوں نے کوئی وضاحت نہیں کی کیونکہ 5ڈسمبر کو ایک شام چارمینار کے نام پروگرام منعقد ہونا نہیں ہے کیونکہ گذشتہ اتوار کو ہی چارمینار کے دامن میں پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا۔ ریاستی حکومت کے محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے شہریوں کی تفریح کے لئے منعقد کئے جانے والے ان پروگرامس کے سلسلہ میں مسٹر اروند کمار کی جانب سے کئے گئے اعلان اور آئندہ اتوارکو کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے سبب پروگرام کا انعقاد نہ کرنے کے فیصلہ کا مختلف گوشوں سے خیر مقدم کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ محکمہ بلدی نظم ونسق کے عہدیدار شہریوں کی تفریح کے ساتھ ان کی صحت کے متعلق بھی سنجیدہ ہیں۔م