ٹینک بنڈ پر وی ہنمنت راؤ کا انوکھا احتجاج

   

سڑک پر جمع پانی میں اتر گئے، بلدی حکام کے رویہ پر تنقید

حیدرآباد۔22 ۔ اکٹوبر(سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آج حکومت کے خلاف منفرد انداز میں احتجاج درج کرتے ہوئے بارش کے دوران سڑک پر جمع پانی میں ٹھہر گئے ۔ ہنمنت راؤ نے بارش کے سبب سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے عوام کو درپیش مشکلات کے خلاف احتجاج کے لئے یہ قدم اٹھایا۔ بارش کے دوران وہ ٹینک بنڈ سے گزر رہے تھے اور سڑک پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک میں خلل پڑا اور ٹو وہیلر گاڑیوں کو گزرنے میں دشواری ہورہی تھی۔ ایسے میں ہنمنت راؤ اپنی کار سے اتر گئے اور پانی میں ٹھہر کر عوام سے ملاقات کی اور بلدی حکام کے رویہ پر تنقید کی ۔ عوام نے ہنمنت راؤ سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے شکایت کی کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ہی پانی سڑکوں پر جمع ہوجاتا ہے جو عوام کیلئے مشکلات میں اضافہ کا سبب ہے۔ ہنمنت راؤ نے ٹریفک کی بحالی میں تعاون کیا جس پر عوام نے ان کے جذبہ کی ستائش کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ بلدی حکام شہر میں پانی کی نکاسی سسٹم کو بہتر بنانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مرکزی مقامات پر گاڑیوں کی آمد و رفت میں خلل سے گھنٹوں ٹریفک جام رہ رہی ہے۔ عوام کو اپنی منزل مقصود پہنچنے میں تاخیر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک جام کے نتیجہ میں مریضوں کو ہاسپٹل منتقل کرنے والی ایمبولنس گاڑیاں بھی وقت پر پہنچنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹریٹ ، اسمبلی ، ٹینک بنڈ ، سکندرآباد اور ہائی ٹیک سٹی جیسے علاقوں میں جب یہ صورتحال ہے تو دیگر علاقوں کا کیا حال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ مانسون کے دوران دونوں شہروں میں بارش کے احتیاطی اقدامات میں بلدی حکام ناکام ہوچکے ہیں۔