ٹینک بنڈ چند گھنٹوں کیلئے تفریح گاہ میں تبدیل ‘ عوام کا زبردست رد عمل

,

   

حیدرآباد۔/29 اگسٹ، ( سیاست نیوز) شہر کی عوام کیلئے کھلی تفریح کے ایک اور مقام کا اضافہ ہوگیاہے ۔ مصروف ترین ٹینک بنڈ پر عوام کی تفریح کیلئے اتوار کی شام ٹریفک کے بہاؤ کو مکمل طور پر روک دیا گیا جس کے نتیجہ میں آج سینکڑوں افراد کھلی فضاء میں ٹینک بنڈ پر گھومتے دیکھے گئے۔ حالیہ دنوں ٹینک بنڈ کی تزئین نو کرکے اس کی خوبصورتی میں اضافہ کیا گیا تھا جس کے پیش نظر وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے حیدرآباد پولیس کمشنر کو مشورہ دیا تھا کہ اتوار کی شام ٹینک بنڈ پر ٹریفک کو مکمل طور پر روک دینے اور عوام کی تفریح کیلئے مختص غور کیا جائے ۔ حکومت کے احکامات کے تحت آج پہلے اتوار کو عوام کا زبردست ردعمل دیکھا گیا اور سینکڑوں افراد بشمول خواتین و بچے ٹینک بنڈ پر تفریح کرتے دیکھے گئے۔ نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے ٹینک بنڈ کی سڑک پر سیلفی لیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور شہر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد ٹینک بنڈ کی طویل سڑک پر چہل قدمی کرتے دیکھے گئے۔ ریاستی وزیر کی جانب سے حیدرآباد پولیس کو اتوار کی شام ٹینک بنڈ عوام کی تفریح کیلئے مختص کردینے کی تجویز کے پیش نظر پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے آج شام ٹینک بنڈ پہنچ کر ماتحت عہدیداروں کے ساتھ وہاں کا معائنہ کیا اور ٹریفک کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اتوار کی شام ٹینک بنڈ پر 5 گھنٹوں کیلئے ٹریفک روک دینے کے پیش نظر ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹینک بنڈ پر آمدورفت روک دینے رکاوٹیں نصب کردیئے گئے جبکہ عوام کو چہل قدمی کیلئے چھوڑ دیا گیا اور بچے اسکیٹنگ، سائیکلنگ کرتے دیکھے گئے۔ ٹینک بنڈ پر ہر اتوار کو شام 5 بجے تا رات 10 بجے تک عوام کی تفریح کے اوقات مقرر کئے گئے جس کے تحت ٹریفک تحدیدات عائد کی گئی ہیں۔ لبرٹی، تلگو تلی مجسمہ سے ٹینک بنڈ اور کربلا میدان سکندرآباد سیلنگ کلب، ڈی بی آر ملز لوور ٹینک بنڈکی سمت جانے والی ٹریفک کا رُخ موڑ دیا گیا اور عوام کی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے امبیڈکر مجسمہ سے لیپاکشی، ڈاکٹر کارس، نیو ایم ایل اے کوارٹرس آدرش نگر اور آندھرا سکریٹریٹ پر پارکنگ دی گئی ۔ اسی طرح سکندرآباد سے آنے والوں کیلئے سیلنگ کلب سے چلڈرن پارک، بدھا بھون سے نیکلس روڈ، اور این ٹی آر گراؤنڈ میں گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔پولیس نے لیک پولیس اور گھوڑ سوار پولیس کی مدد سے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے۔