29 نومبر درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ، تاحال 1.26 لاکھ سے زیادہ درخواستیں وصول
حیدرآباد۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ٹیچر اہلیت ٹسٹ (TG TET) کے لئے اس مرتبہ امیدواروں میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ آئندہ سال جنوری میں منعقد ہونے والے ٹیٹ امتحان کے لئے درخواستیں داخل کرنے کا سلسلہ 15 نومبر سے شروع ہوا۔ تاحال 1,26,085 درخواستیں داخل کی گئیں۔ ان میں سے 46,954 امیدوار پیپر I اور 79,191 امیدوار پیپر II کے لئے درخواستیں داخل کی ہیں۔ درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 29 نومبر مقرر کی گئی ہے جبکہ 25 نومبر سے یکم ڈسمبر کے درمیان امیدواروں کو اپنی درخواستوں میں اگر کوئی غلطی ہوتو اس کو درست کرنے کے لئے ایڈیٹ آپشن دیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ درخواستیں داخل کرنے کے لئے آخری وقت تک انتظار نہ کریں۔ جلد از جلد درخواستیں داخل کرنے کو ترجیح دیں۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہیکہ اس بار بھی امتحانی مراکز کا الاٹمنٹ ’’ پہلے آئیے پائیے‘‘ کے اصول پر ہی ہوگا۔ اگر کوئی امیدوار اپنے گھر کے قریب یا اپنے ضلع میں امتحانی سنٹر کا انتخاب کرنا چاہتا ہے تو اسے فوری طور پر مزید کسی تاخیر کے درخواست داخل کرنا چاہئے۔ امیدواروں کی سہولت کے لئے ریاست کے 16 اضلاع میں آن لائن امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں حیدرآباد کے بشمول نلگنڈہ، کوداڑ، سوریا پیٹ، کھمم، ورنگل، محبوب نگر، کتہ گوڑم، سدی پیٹ، ستوپلی، جگتیال، کریم نگر، نظام آباد، پداپلی، نرسم پیٹ، عادل آباد کے علاوہ دیگر قریبی سنٹرس کو امیدوار اپنی سہولت کے مطابق ترجیحی بنیاد پر منتخب کرسکتے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ہر امتحانی سنٹر کے لئے مقررہ کوٹہ مختص کیا گیا ہے جیسے ہی کسی ضلع کا کوٹہ بھر جائے گا وہ مرکز آن لائن لسٹ سے غائب ہو جائے گا۔ مثال کے طور پر حیدرآباد یا ورنگل کے امتحانی مراکز گنجائش کے مطابق بھر جاتے ہیں تو ان اضلاع کے امیدواروں کو دیگر متبادل مراکز کا انتخاب کرنا ہوگا۔ اگر زیادہ تعداد میں امیدوار ایک ہی ضلع کا انتخاب کرتے ہیں تو وہ امتحانی سنٹر انہیں آلاٹ ہوگا جنہوں نے پہلے درخواست داخل کی تھی۔ ٹیٹ کنوینر جی رمیش نے امیدواروں کو خبردار کیا ہیکہ آخری تاریخوں میں TET کی درخواستیں داخل کی جاتی ہیں تو تکنیکی مسائل کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔ اس لئے امتحان میں شرکت کے خواہشمند امیدوار جلد از جلد درخواستیں داخل کرنے کو ترجیح دیں۔ اگر امیدواروں کو کسی رہنمائی کی ضرورت ہو تو وہ 7093708883، 7093708884، 7093958881، 7093468882 ہیلپ لائن نمبرات پر اوقات دفتر رابطہ پیدا کرسکتے ہیں۔ 2
