ٹیپوسلطان نے’ بیٹی بچاؤ،بیٹی پڑھاؤ‘کا عملی نمونہ پیش کیا تھا

   

دلت خواتین کو اپنا جسم تک ڈھکنے کی اجازت نہیں تھی ، سابق آئی پی ایس آفیسر ایم ڈبلیو انصاری کی پریس ریلیز

نئی دہلی: ٹیپو سلطان کے عہد میں دلتوں کی حالت انتہائی ابتر تھی، خاص کر دلت خواتین کی، جنھیں اپنا جسم تک ڈھکنے کی اجازت نہیں تھی۔شیرمیسور نے ان کے ساتھ انصاف کیا اور برابری کا حق اور سماج میں باعزت مقام دلایا۔ٹیپو سلطان نے اپنے عہد میں بیٹیوں کی عزت و آبروکے تحفظ کا عملی نمونہ پیش کیا تھا۔ ان خیالات کاا ظہار سابق آئی پی ایس افسر ایم ڈبلیو انصاری نے یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کیا۔انھوں نے کہا کہ شہید اعظم ٹیپو سلطان نے ملک کے لئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔انھوں نے انگریزوں کو ہندوستان سے بھگانااپنی زندگی کا پہلا اور آخری مقصد بنا لیا تھا۔ انہوںنے سب کے ساتھ اچھا برتاؤکیا۔ حسن اخلاق کا اعلیٰ نمونہ پیش کیا ۔بلا تفریق مذہب و ملت، خواہ وہ ہندو ہو ، مسلم ہو یا عیسائی ہو، ہر ایک کے ساتھ اچھا برتاؤکیا،یہی وجہ تھی کہ ٹیپو سلطان کی فوج میں ہندوؤں کی ایک بہت بڑی تعداد تھی اور کئی ہندو تواہم حکومتی عہدوںپر فائز تھے ۔انھوں نے کہا کہ ٹیپو سلطان اپنے والد کے برعکس انتہائی نرم مزاج تھے ۔یہی رحم دلی ان کی سلطنت کے خاتمے کا سبب بھی بنی۔ان کے قریبی لوگوں میں ہی چار غدار میر صادق، میر غلام علی لنگڑا،،راجہ خان اور پنڈت پورنیاتھے ، جن کے بارے میں ان کے والد نے بھی انہیں آگاہ کیا تھا ۔اس کے باوجود ان کی رحمدلی والد کی وصیت پر غالب آگئی اور انہوںنے اپنے چاروں دشمنوں کو معاف کر دیا۔انصاری نے کہا کہ حالانکہ مہاتما گاندھی جی نے پورنیا کی غداری کے بارے میں افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ عظیم سلطان کا وزیر اعظم ہندو تھا، یہ کتنے شرم کی بات ہے کہ اس نے دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل کر آزادی کے عظیم عاشق کے ساتھ غداری کی۔انہوںنے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آج ایسی عظیم شخصیت، جس نے اس ملک کے لئے اپنے لخت جگر اپنے بیٹوں کی بھی پرواہ نہیں کی، آج ان کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ٹیپو سلطان پر مبنی اسباق کو درسی کتابوں سے حذف کرنے کی کوششیں جاری ہے ں،ان کی تاریخ کو مسخ کیا جارہا ہے ۔ حالانکہ انھوں نے جدید جنگی اسلحے بنوائے ، میزائل اورراکٹ وغیرہ بنائے اور ان کا بھر پور استعمال انگریزوں کے ساتھ ہوئی جنگوں میں کیا۔لیکن افسوس ایسی عظیم شخصیت کو آج تاریخ کے اوراق سے مٹانے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے ۔انصاری نے کہا کہ شہید اعظم ٹیپو سلطان ہندوستان کے پہلے حکمراں تھے جنہوںنے انگریزوں کو ہندوستان سے نکالنے کا عزم کیا تھا۔