ٹیچرس ؍ لیکچررس کے امتحانی موادکی مفت تقسیم

   

دفتر سیاست میں جناب ظہیر الدین علی خان کے ہاتھوں رسم اجرائی
٭ شہر کے علاوہ اضلاع سے سینکڑوں امیدواروں کی شرکت
٭ امیدواروں کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل٭ ٹی جی ٹی، پی جی ٹی، جونیر لیکچررس
حیدرآباد۔/24 جولائی، ( سیاست نیوز) آئندہ ماہ اگسٹ میں ہونے والے گروکل ٹیچرس امتحانات جس میں ٹی جی ٹی، ٹرینڈ ٹیچرس اور پی جی ٹی پوسٹ گریجویٹ ٹیچرس اور جونیر لیکچررس کے تقررات کے ہونے والے امتحانات کے اہم بٹ بک کو مسٹرمحمدخواجہ علی سابق ڈائرکٹر میناریٹی اسٹڈی سرکل و بی سی ویلفیر نے تیار کیا ہے اس کی رسم اجرائی جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر سیاست کے ہاتھوں دفتر ’سیاست‘ کے عابد علی خاں سنٹینری ہال میں انجام پائی۔ اس موقع پر جناب ظہیر الدین علی خاں نے کہا کہ جو امیدوار ملازمت کے خواہشمند ہیں اور متلاشی ہیں انہیں اس مواد سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ مسلم نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں انہیں اُبھارنے کیلئے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے 2004 کے گجرات فسادات کے بعد پولیس تقررات میں مسلم امیدواروں کی بھرتی کیلئے سیاست کی کاوشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے یاد دلایا کہ ہم کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ مسٹر محمد خواجہ علی جنہوں نے میناریٹی اسٹڈی سرکل کے تحت کئی گروپ کے امتحانات کی تیاری کیلئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں‘ بڑی عرق ریزی سے اردو میں مواد تیار کیا ہے۔ تلنگانہ کی تاریخ، جغرافیہ، اسکیمات پر اردو میں جو کتب تیار کئے ہیں اب وہ میناریٹی و دیگر ریزیڈنشیل اسکولس کے ٹیچرس کے تقررات میں معاون رہیں گے۔ ایم اے حمید نے معاونت کی۔ ڈاکٹر ناظم علی اور معین الدین موجود تھے۔ اس موقع پر شہر کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع اور دور دراز مقامات سے لڑکے اور لڑکیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اس مواد کے حصول پر اظہار خوشنودی کرتے ہوئے اردو داں طلبہ کیلئے اس کو نہایت موثر اور وقت کی ضرورت قرار دیا اور کہا کہ پوری یکسوئی کے ساتھ امیدوار شریک امتحان ہوں گے۔ آخر میں مسٹر خواجہ علی نے ادارہ ’سیاست‘ اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔