عہدیداروں کو جگن موہن ریڈی کی ہدایت ، آروگیہ شری علاج یقینی بنانے کا فیصلہ
حیدرآباد۔11 ۔اگست (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں کورونا پر قابو پانے کے مسئلہ پر چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر اے نانی اور کووڈ ٹاسک فورس کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ٹیچرس اور اسکولوں میں کام کرنے والے غیر تدریسی اسٹاف کی ٹیکہ اندازی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے ۔ حکومت نے 16 اگست سے اسکولوں کی کشادگی کا فیصلہ کیا ہے ، لہذا ٹیچرس اور غیر تدریسی عملہ کی ٹیکہ اندازی جلد مکمل کی جائے تاکہ طلبہ کو کورونا سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے دیہی علاقوں میں ہر گاؤں کو ایک یونٹ قرار دیتے ہوئے ٹیکہ اندازی کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اسکولوں میں کووڈ قواعد کو برقرار رکھنے کیلئے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو کڑی نگرانی کرنی چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ٹیکہ اندازی کے ذریعہ کورونا پر قابو پانے میں بڑی حد تک مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ 18 سے 44 سال کے افراد کو ٹیکہ اندازی کیلئے ترغیب دی جائے اور ایکشن پلان تیارک رنے کی ہدایت دی ۔ جگن موہن ریڈی نے ڈیجیٹل ہیلت کے موضوع پر علحدہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ آروگیہ شری کارڈ پر ارکان خاندان کی صحت سے متعلق تفصیلات کیو آر کوڈ کی شکل میں دستیاب رہیں گی۔ ہر ضلع کے علاوہ دیہات کی سطح پر دواخانوں میں کمپیوٹرس فراہم کئے جائیں تاکہ ڈاکٹرس کو ہیلت کارڈ سے وابستہ افراد کی صحت کے بارے میں پتہ چلے۔ افراد خاندان کے امراض کے علاوہ بلڈ گروپ اور دیگر تفصیلات کو شامل کیا جائے ۔ انہوں نے خاندان کیلئے ایک کارڈ کے بجائے ہر شخص کے لئے علحدہ کارڈ جاری کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ آروگیہ شری اور آدھار نمبر کے ذریعہ تمام تفصیلات حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے ۔ حکومت نے کورونا کے علاج کو آروگیہ شری کے تحت شامل کیا ہے جس پر ہر کارپوریٹ ہاسپٹل کو عمل کرنا ضروری ہے۔
