تمام محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کرنے چیف سکریٹری کو ہدایت
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ٹیچرس اور محکمہ پولیس کے بشمول ریاست کی تمام مخلوعہ جائیدادوں کو بعجلت ممکنہ پُر کرنے کیلئے عنقریب اعلامیہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی کہ ریاست بھر کے تمام محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق ریاست کے مختلف محکمہ جات میں تقریباً 50 ہزار جائیدادیں مخلوعہ ہیں جن پر تقررات کئے جانے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں اساتذہ اور محکمہ پولیس میں بھرتی کی جانی ہے۔ چیف منسٹر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ مذکورہ دو محکمہ جات کے علاوہ ریاست کے دیگر تمام محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات فوری طور پر حاصل کریں۔ اس کے علاوہ اس بات کا پتہ چلایا جائے کہ دیگر محکمہ جات میں ملازمین کی ضرورت کا کیا موقف ہے ان تمام تفصیلات کے حصول کے بعد اعلامیہ جاری کرتے ہوئے مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کیا جائے گا۔