ٹیچرس تبادلوں کا عمل جوں کا توں ، عدالتی کیس سے دو دن کی تاخیر

   

محکمہ تعلیم کے دلائل سے ہائیکورٹ کا اتفاق، 10 ہزار ٹیچرس کو ترقی،50 ہزار سے زائد کے تبادلے ہوں گے
حیدرآباد ۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) ٹیچرس کے تبادلوں اور ترقیوں کا عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا۔ ٹیچرس کے تبادلوں میں رکاوٹ بننے والے دو مسائل منگل کو حل ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے اساتذہ کے تبادلوں کے عمل میں دو دن تاخیر کے بعد دوبارہ یہ عمل جاری رہے گا۔ گزیٹیڈ ہیڈماسٹرس کے تبادلوں کا عمل جمعرات کے بعد شروع ہوگا۔ تبادلوں کیلئے 81,069 ٹیچرس نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ عہدیداروں نے ان درخواستوں کو اضلاع اور ملٹی زون کے مطابق فلٹر کیا ہے جس کے نتیجہ میں 10 ہزار ٹیچرس کو ترقی دی جائے گی، جبکہ 50 ہزار سے زائد ٹیچرس کے تبادلے ہوجائیں گے۔ دراصل تبادلوں کا عمل منگل سے شروع ہونا تھا۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے سخت دلائل پیش کی جس کے بعد مسئلہ حل ہوگیا ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق حکومت کٹ آف تاریخ کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرے گی اور حکام نے اس کے لئے دو دن کی مہلت مانگی ہے۔ ہائیکورٹ نے اسکی اجازت دے دی ہے۔ ایک اور کیس جو تبادلوں میں رکاوٹ بن رہا تھا، اس کی بھی منگل کو یکسوئی ہوگئی ہے۔ جن ٹیچرس نے تبادلوں کیلئے درخواست داخل کی ہے، ان میں سے چند ٹیچرس انتخابی ڈیوٹی پر ہے۔ 8 ٹیچرس سیکٹر آفیسر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ان کا تبادلہ کردیا جاتا ہے تو وہ فوری طور پر ڈیوٹی جوائن نہیں کرسکیں گے۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے عدالت کو بتایا کہ ان کی ڈیوٹی 4 اکٹوبر کے بعد ختم ہوجائے گی۔ انتخابی ڈیوٹی ختم ہوجانے کے بعد جہاں ان کا تبادلہ کیا جاتا ہے وہ وہاں ڈیوٹی جوائن کرسکتے ہیں۔ عہدیداروں کی جانب سے یہ دلائل پیش کرنے کے بعد مسئلہ حل ہوگیا۔ کٹ آف ڈیٹ کو حتمی شکل دینے اور حکومت کی جانب سے جی او کی اجرائی کے تناظر میں گزیٹیڈ ہیڈماسٹرس کے تبادلوں میں دو دن کی تاخیر ہوگی۔ پہلے سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق منگل اور چہارشنبہ کو تبادلوں کیلئے آپشنس دیئے جانے تھے تاہم یہ عمل جمعرات سے دستیاب ہونے کا امکان ہے۔ قبل ازیں تبادلوں کیلئے درخواستوں کی وصولی، غوروخوض کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور قطعی سیناریٹی لسٹ منگل کو ویب سائیٹس پر اپ لوڈ کردی گئی ہے۔ تبادلوں کیلئے ویب آپشنس دینا، آڈیٹ کرنا اور آن لائن میں تبادلوں کے احکامات جاری کرنا باقی رہ گیا تھا۔ عدالتی کیس سے تھوڑی تاخیر ہوئی، جس کے بعد اسکول اسسٹنٹس کو بطور ہیڈماسٹرس ترقی دی جائے گی اور اس کے بعد اسکول اسٹنٹس کے تبادلہ کئے جائیں گے۔ سیکنڈری گریڈ ٹیچرس کو بطور اسکول اسسٹنٹس ترقی دیتے ہوئے تبادلے کئے جائیں گے۔ یہ تمام عمل آن لائن میں جاری رہے گا۔ن