ٹیچرس تقررات کیلئے میگا ڈی ایس سی کے انعقاد کی ہدایت : چیف منسٹر

   

محکمہ تعلیم کا جائزہ اجلاس ، متحدہ اضلاع میں اسکل یونیورسٹیز قائم کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔/30 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے میگا ڈی ایس سی کے ذریعہ ٹیچرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے ضروری اقدامات کرنے، ٹیچرس کے تبادلوں اور ترقیوں کے معاملے میں تنازعات اور مسائل کو ٹیچرس تنظیموں سے مذاکرات کرکے حل کرنے پر زور دیا۔ آج سکریٹریٹ میں چیف منسٹر نے محکمہ تعلیم کے حکام کا جائزہ اجلاس طلب کرکے مختلف امور کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ ہر گرام پنچایت میں ایک سرکاری اسکول کے قیام کو یقینی بنائیں۔ طلبہ کی تعداد کم ہونے کا بہانہ کرکے جن سرکاری اسکولس کو بند کردیا گیا انہیں دوبارہ کھولنے ایک لڑکا یا ایک لڑکی بھی ہو تو حصول تعلیم کیلئے دوسرے گاؤں یا شہروں کو منتقل نہ کرنے پر زور دیا ۔ فوری میگا ڈی ایس سی منعقد کرکے ٹیچرس تقررات کی ہدایت دی۔’ اپنا گاؤں اپنا اسکول ‘ پروگرام کی پیشرفت ، خرچ فنڈس اور مابقی کاموں پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔چیف منسٹر نے ٹیچرس کی ترقی و تبادلوں کی رکاوٹوں پر بھی تفصیلات طلب کی۔ عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ٹیچرس نمائندوں سے بات کرکے تبادلوں میں رکاوٹوں کو دور کریں ‘ اعتراضات کی سماعت سے درمیانی حل نکالیں۔ تعلیمی اداروں کو برقی بلز سے متعلق زمرہ کی تبدیلی کیلئے ضروری کارروائی پر زور دیا۔ تعلیمی اداروں کو تجارتی اداروں کے زمرے میں شامل نہ کرنے کی ہدایت دی۔ ریونت ریڈی نے 10 متحدہ اضلاع میں اسکل یونیورسٹیز قائم کرنے کا اعلان کیا۔ ریاست میں صنعتی شعبہ کیلئے معیاری تکنیکی معلومات پر مشتمل ملازمین کی ضرورت ہے جنہیں ان اسکیل یونیورسٹیز میں تیار کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ملازمتوں پر مربوط مختصر و طویل مدتی کورسیس متعارف کرنے پر زوردیا۔ ہریانہ، راجستھان، اڈیشہ، گجرات اور آندھرا پردیش کے اسکیل یونیورسٹیز کا مطالعہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اسمبلی حلقہ کوڑنگل کے بشمول 9 متحدہ اضلاع میں اسکل یونیورسٹیز قائم کرنے کی ہدایت دی۔2