ٹیچرس زمرہ کی ایم ایل سی نشست کیلئے فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری

   

گذشتہ کے مقابلہ رائے دہندوں کی تعداد میں اضافہ
حیدرآباد۔/26 نومبر، ( سیاست نیوز) آئندہ سال فروری میں نلگنڈہ، کھمم اور ورنگل اضلاع پر مشتمل قانون ساز کونسل کی ٹیچرس زمرہ کی نشست کے انتخابات کیلئے رائے دہندوں کی فہرست کا مسودہ جاری کردیا گیا ہے۔ ایم ایل سی ٹیچرس زمرہ کی نشست کیلئے 22254 رائے دہندوں کی شناخت کی گئی ہے۔ گذشتہ ماہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کا آغاز ہوا اور 6 نومبر تک یہ سلسلہ جاری رہا۔ کونسل ایم ایل سی نشست کے تحت 12 اضلاع سے 28698 ٹیچرس نے فہرست رائے دہندگان میں شمولیت کی درخواست کی۔ ان میں سے 6114 درخواستوں کو مسترد کردیا گیا اور 22552 درخواستوں کو جائزہ لینے کیلئے قبول کیا گیا ان میں سے 13498 مرد اور 9056 خواتین ہیں۔ فہرست رائے دہندگان کا مسودہ متعلقہ اضلاع میں تحصیلدار اور آر ڈی او دفاتر میں آویزاں کیا گیا ہے۔ 9 ڈسمبر تک اعتراضات قبول کئے جائیں گے اور 25 ڈسمبر کو فہرست رائے دہندگان کی قطعی لسٹ جاری کردی جائے گی۔ 2019 میں منعقدہ ٹیچرس زمرہ کی کونسل نشست کے چناؤ میں UTF کے امیدوار اے نرسا ریڈی نے کامیابی حاصل کی تھی ان کی میعاد آئندہ سال مارچ میں ختم ہورہی ہے۔ گذشتہ چناؤ میں رائے دہندوں کی تعداد 20888 تھی۔ نئے مسودہ میں 1666 ناموں کا اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ الیکشن میں پولنگ مراکز کی تعداد 181 تھی جبکہ مجوزہ چناؤ میں 200 پولنگ مراکز ہوں گے۔ فہرست رائے دہندگان کے مسودہ کے تحت سدی پیٹ ضلع میں 149 ، جنگاؤں 810 ، ہنمکنڈہ 4424 ، ورنگل 1923 ، محبوب آباد 1270 ، بھوپال پلی 264 ، ملگ 572 ، کتہ گوڑم 1809، کھمم 3862 ، بھونگیر 826 ، سوریا پیٹ 2467 اور نلگنڈہ ضلع میں 4178 رائے دہندے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹیچرس زمرہ کی ایم ایل سی نشست کے چناؤ میں پرائمری اور سکنڈری ٹیچرس کو رائے دہی کا حق حاصل نہیں ہے۔1