دو سال سے تقررات نہیں، ہنمنت راؤ نے احتجاج میں شرکت کی
حیدرآباد ۔24۔ فروری (سیاست نیوز) ٹی آر ٹی 2017 ء کے تحت منتخب معذور امیدواروں میں تقررات کا مطالبہ کرتے ہوئے آج نمس ہاسپٹل کے روبرو احتجاج منظم کیا ۔ معذور امیدوار تقررات کے احکامات کی جلد اجرائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ نے احتجاجی امیدواروں سے ملاقات کرتے ہوئے اظہار یگانگت کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ معذوروں کے ساتھ فوری انصاف کرے اور محکمہ تعلیم میں تقریرات عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ 5.30 اسکول اسسٹنٹ اور ایس جی ٹی جائیدادوں پر فوری تقررات کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران نوجوانوں نے اس امید کے ساتھ حصہ لیا تھا کہ انہیں نئی ریاست میں روزگار حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 برسوں میں ٹی آر ایس حکومت نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2017 ء میں منتخب کئے گئے امیدواروں کو آج تک احکامات تقرر جای نہیں کئے گئے۔ اس موقع پر کانگریس کے دیگر قائدین آر لکشمن یادو ایس پی کرانتی کمار اور دوسروں نے بھی احتجاجی امیدواروں کی تائید کی ۔ معذور امیدواروں کے قائدین کے نرسمہا ، شنکر لنگم، ایم نائک ، رامیشور اور گوئند نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مزید تاخیر کئے بغیر تقررات عمل میں لائیں۔