ٹیچرس ڈے : صدر جمہوریہ اساتذہ کو ایوارڈ دیں گی

   

نئی دہلی: صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو 5 ستمبر کو نئی دہلی میں ایک تقریب میں 75 منتخب ایوارڈ یافتگان کو قومی اساتذہ ایوارڈ 2023 سے سرفراز کریں گی۔ ملک ہر سال 5 ستمبر کو ڈاکٹر سرووپلی رادھا کرشنن کے جنم دن کو اساتذہ کے قومی دن کے طور پر مناتا ہے ۔ اساتذہ کو قومی ایوارڈ سے سرفراز کرنے کا مقصد ملک میں اساتذہ کے منفرد تعاون کااعتراف کرنا اور ان اساتذہ کو اعزاز دینا ہے ، جنھوں نے اپنے عزم اور محنت و لگن سے نہ صرف تعلیم کے معیار کو بہتربنایا ہے بلکہ اپنے طلبا کی زندگیوں کو بھی سنوارا ہے ۔ یہ ایوارڈ ایک توصیف نامہ، 50 ہزار روپے نقد اور ایک چاندی کے تمغے پر مشتمل ہے ۔ ایوارڈ یافتگان کو وزیراعظم جناب نریندر مودی سے بات چیت کرنے کا موقع بھی فراہم ہوگا۔وزارت تعلیم کامحکمہ اسکولی تعلیم و خواندگی، ہر سال یوم اساتذہ کے موقع پر قومی سطح کی تقریب کا اہتمام کرتی ہے ، جس میں ملک کے بہترین اساتذہ کو قومی ایوارڈز سے سرفراز کیا جاتا ہے ، جن کا انتخاب درست طور پر و شفاف انتخابی عمل کے ذریعے کیا جاتا ہے ۔ اس سال سے ، قومی اساتذہ ایوارڈ ز کے دائرہ کو وسیع کرتے ہوئے اس میں اعلیٰ تعلیم کے محکمے اور وزارت ہنرمندی کی ترقی اور صنعتکاری کے اساتذہ کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ اس سال 50 اسکولی اساتذہ، اعلیٰ تعلیم کے 13 اساتذہ اور ہنرمندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت کے 12 اساتذہ کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔