گوہاٹی ۔ /4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسام حکومت نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ ٹیچروں کا ان کی تقرری کے بعد پہلے دس سال تک کسی دیگراسکول یا مقام پر تبادلہ نہیں کیا جائے گا جس کے لئے قانون سازی بھی کی جائے گی ۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اپنے اس منصوبہ کا اعلان کرتے ہوئے آسام کے وزیرتعلیم ہمنتا بسوا سرما نے بتایا کہ بل کو بجٹ سیشن کے آئندہ مرحلہ میں متعارف کروایا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیچرس کی تقرری جن ڈسٹرکٹس میں عمل میں آئے گی وہاں سے دس سال تک ان کا کہیں اور تبادلہ نہیں کیا جائے گا چاہے جیسے بھی حالات ہوں ۔ ایک آن لائن طریقہ کار بھی متعارف کیا جائے گا جس کے تحت ٹیچر اپنے دس سال مکمل ہونے کے بعد کسی دیگر مقام کو تبادلہ کی درخواست دے سکتا ہے / دے سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں پر ٹیچرس کی اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر غور کیا جائے گا ۔