ٹیچرس کی تنخواہوں کے سلسلہ میں گورنر سے مداخلت کی اپیل

   


جاب سیکوریٹی فراہم کرنے پر زور، ٹی سوندرا راجن کو یادداشت پیش
حیدرآباد۔ تلنگانہ اسکولس ٹیکنیکل کالجس ایمپلائز اسوسی ایشن کے ایک وفد نے ریاستی گورنر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کی اور اسکولس اور کالجس میں ٹیچرس کو تنخواہوں کے بقایا جات کی ادائیگی کے سلسلہ میں مداخلت کی اپیل کی۔ اسوسی ایشن نے لاک ڈاؤن کے دوران اسکولس اور کالجس میں اساتذہ کی خدمات سے علحدگی کے سبب پیدا شدہ مسائل سے واقف کرایا۔ انہوں نے کورونا سے فوت ہونے والے ٹیچرس کو ایکس گریشیا کی ادائیگی اور خانگی اداروں میں خدمات انجام دینے والے ٹیچرس کی بھلائی کا جائزہ لینے علحدہ بورڈ کی تشکیل کی مانگ کی۔ اسوسی ایشن کے صدر کے سنتوش کمار نے کہا کہ معاشی مسائل کے سبب خودکشی کرنے والے ٹیچرس کی جانب کسی نے توجہ نہیں کی۔ ان کے افراد خاندان کو مالی امداد نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جونیر اور ٹیکنیکل کالجس میں 5 لاکھ سے زائد ٹیچرس اور فیکلٹی ارکان گذشتہ 10 ماہ سے اپنی ملازمت کے سلسلہ میں پریشان ہیں۔ ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کو تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔ اسوسی ایشن کے عہدیداروں نے گورنر کو بتایا کہ تنخواہوں کے سلسلہ میں محکمہ تعلیم اور یونیورسٹیز کے حکام سے بارہا نمائندگی کی گئی لیکن کوئی حل برآمد نہیں ہوا۔ گورنر سے ملاقات ان کیلئے مسائل کے حل کی آخری امید ہے۔ اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ خانگی تعلیمی اداروں میں خدمات انجام دینے والے اسٹاف کو جاب سیکوریٹی فراہم کی جائے۔ ادارے سرکاری احکامات کی سراسر خلاف ورزی کررہے ہیں لیکن حکومت کو کوئی فکر نہیں۔