گیس سلینڈر کی قیمت میں کمی انتخابی فائدہ کیلئے، ریونت ریڈی کا تبصرہ
حیدرآباد۔/30 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ٹیچرس کے تقررات کیلئے
حکومت کی جانب سے ڈی ایس سی کے اعلان کو ناکافی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے بیروزگار نوجوانوں کو پھر ایک مرتبہ مایوس کیا ہے۔ میگا ڈی ایس سی کے نام پر محدود تقررات کا اعلان کیا گیا تاکہ انتخابات میں کامیابی حاصل کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے اعداد و شمار کے مطابق 21 ہزار جائیدادیں خالی ہیں جبکہ چیف منسٹر نے 13 ہزار مخلوعہ جائیدادوں کا دعویٰ کیا۔ حکومت نے صرف 5 ہزار جائیدادوں کیلئے ڈی ایس سی جاری کیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کرناٹک میں گریہا لکشمی اسکیم کے آغاز کا خیرمقدم کیا جس کے تحت خواتین کو 2 ہزار روپئے کی امداد دی جائے گی۔ راہول گاندھی کی موجودگی میں اسکیم کا آغاز کیا گیا۔ حکومت نے 100 دن میں پانچ اہم وعدوں کی تکمیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس جھوٹے وعدوں پر یقین نہیں رکھتی اور تلنگانہ میں برسراقتدار آنے پر تمام وعدوں پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے گیس سلینڈر کی قیمت میں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے پیش نظر 200 روپئے کی کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمی ایسی ہے جیسے کوئی چور سارا سامان لوٹ لے اور سفر کرایہ کیلئے 200 روپئے چھوڑ دے۔ انہوں نے کہا کہ گیس سلینڈر کی قیمت 1200 روپئے ہوچکی تھی جبکہ کانگریس دور حکومت میں یہ قیمت 410 روپئے تھی۔ اسی دوران قطب اللہ پور اسمبلی حلقہ کے بی جے پی اور بی آر ایس قائدین نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔