کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسرس کو باقاعدہ بنانے اسپیشل چیف سکریٹری سے مطالبہ
حیدرآباد۔عثمانیہ یونیورسٹی کے کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسرس اسوسی ایشن نے یونیورسٹیز میں ٹیچنگ اسٹاف کے راست ریکروٹمنٹ سے متعلق حکومت کی تجویز کو مسترد کردیا ہے۔ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم چترا رامچندرن نے یونیورسٹیز کے کارگذار وائس چانسلر کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے تجویز رکھی تھی کہ ٹیچنگ اسٹاف کا پبلک سرویس کمیشن سے راست طور پر تقرر کیا جائے۔ پروفیسرس اور اسوسی ایٹ و اسسٹنٹ پروفیسرس کے ریاستی یونیورسٹیز میں تقررات کے موقع پر روسٹر پوائنٹس پر عمل آوری کے سلسلہ میں اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔ ٹیچرس کے نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ کسی بھی تقررات سے قبل حکومت کو چاہیئے کہ تنخواہوں کو باقاعدہ بناتے ہوئے موجودہ اسسٹنٹ پروفیسرس خاص طور پر کنٹراکٹ پر کام کرنے والوں کو روزگار کا تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹیچرس جو کنٹراکٹ پر خدمات انجام دے رہے ہیں ان کی تنخواہیں ساتویں پے ریویژن کمیشن کی سفارشات کے مطابق کی جائیں اور یو جی سی گائیڈ لائنس کے مطابق خدمات کو بحال کیا جائے۔ عثمانیہ یونیورسٹی کنٹراکٹ پروفیسرس اسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر دھرما تیجا نے کہا کہ اسپیشل چیف سکریٹری نے مطالبات کی یکسوئی کا تیقن دیا ہے۔