ٹیچنگ ہاسپٹلس میں پروفیسر س کی سبکدوشی کی حد عمر میں اضافہ

   

Ferty9 Clinic

65 سال مقرر کرنے کے آرڈیننس کو گورنر نرسمہن کی منظوری ۔ جاریہ سال ہی سے عمل آوری

حیدرآباد ۔ 22 جون (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے ریاست کے گورنمنٹ ٹیچنگ ہاسپٹلس میں برسر خدمت پروفیسرس کی سبکدوشی کی عمر میں سات سال کا اضافہ کرکے 65 سال مقرر کرنے آرڈیننس کو گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے منظوری دیدی ۔ اس فیصلے پر جاریہ ماہ سے عمل آوری ہوگی۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے کہا کہ تلنگانہ میں فی الوقت دس گورنمنٹ میڈیکل کالجس ہیں اور ان میں جملہ 1561 میڈیکل پروفیسرس ہیں ۔ 1703 پروفیسرس کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق حقیقت تو یہ ہیکہ گذشتہ سال ہی ٹیچنگ گورنمنٹ ہاسپٹلس کے پروفیسرس کی سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کا حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا تھا اور کابینہ میں منظوری دی گئی تھی لیکن کسی وجوہات کی وجہ سے جی او کی اجرائی عمل میں نہ آسکی ۔ لہٰذا اس پر دوبارہ 18 جون کو کابینہ اجلاس میں دوبارہ منظوری حاصل کی گئی۔ بتایا جاتا ہیکہ اس ایک سال کے عرصہ کے دوران 15 میڈیکل پروفیسرس سبکدوش ہوئے اور جاریہ سال بھی مزید 51 پروفیسر سبکدوش ہونے والے ہیں۔ بالخصوص جاریہ ماہ جون کے اختتام پر 7 پروفیسرس سبکدوش ہونے والے ہیں جن میں ڈائرکٹر ریاستی ایجوکیشن ڈاکٹر رمیش ریڈی شامل ہیں لیکن اب نئے آرڈیننس کی روشنی میں میڈیکل پروفیسرس کی سبکدوشی کی عمر 65 ہوجائے گی۔ اس طرح جون میں سبکدوش ہونے والے پروفیسرس کیلئے نیا آرڈیننس قابل عمل ہوجائے گا۔ بتایا جاتا ہیکہ ملک گیر سطح پر ٹیچنگ ہاسپٹلس میں برسر خدمت پروفیسرس کی کمی کو پیش نظر رکھتے ہوئے سبکدوشی کی حد عمر میں اضافہ کا نریندر مودی حکومت نے فیصلہ کیا گیا تھا اور اس سلسلہ میں میڈیکل کونسل نے تمام ریاستی حکومتوں کو فیصلہ سے واقف کروایا تھا جس کی روشنی میں ماسواء ٹاملناڈو اور تلنگانہ کے دیگر تمام حکومتوں نے ریاستوں میں میڈیکل پروفیسرس کیلئے سبکدوشی کی حد عمر میں اضافہ کرکے 65 سال کرچکی ہیں ۔ بہار اور مغربی بنگال میں حد عمر 70 سال آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس پی جی آئی چندی گڑھ میں 67 سال، ہریانہ، شملہ، دہلی، آسام، مدھیہ پردیش میں 65 سال حد عمر مقرر کی گئی۔ آندھراپردیش اور کرناٹک میں 63 سال، گجرات، ہماچل پردیش، راجستھان، کیرالا، اڑیسہ، اترپردیش، چھتیس گڑھ، گوا، پدوچیری ریاستوں میں 62 سال مقرر کی جاچکی ہے۔ ذرائع کے ٹیچنگ ہاسپٹلس کے پروفیسرس کی سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کی وجہ سے فی الوقت پروفیسرس کی کمی کو دور کیا جاسکتا ہے۔ دیرینہ تجربہ کے حامل پروفیسرس کی وجہ سے طبی تعلیم کے معیار میں بہتری پیدا کی جاسکتی ہے۔ پروفیسرس دستیاب رہنے پر میڈیکل کالجوں میں نشستوں کی تعداد میں کمی نہیں ہوگی۔ میڈیکل ایجوکیشن میں پوسٹ گرائجویٹ کورسیس کی نشستوں میں اضافہ ہوسکے گا اور میڈیکل کونسل ٹیموں کو معائنہ کے دوران منفی رپورٹس تحریر کرنے کا موقع فراہم نہیں ہوگا۔ ان حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلنگانہ حکومت نے گورنمنٹ ٹیچنگ ہاسپٹلس میں خدمات انجام دینے والے میڈیکل پروفیسرس کی وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کی حد عمر 58 سال سے بڑھا کر 65 سال کرنے کا اقدام کیا ہے۔