ڈینگو کی جانچ کیلئے سرکاری دواخانوں میں خصوصی مشین، وزیر صحت ہریش راؤ کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد۔/12 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے ٹیچنگ ہاسپٹلس میں موجود 190 اسسٹنٹ پروفیسرس کو اسوسی ایٹ پروفیسرس کے طور پر ترقی دینے کا عمل ایک ہفتہ میں مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ہریش راؤ نے آج سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں سکریٹری ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی، انجینئر انچیف محکمہ عمارات و شوارع گنپتی ریڈی، ڈائرکٹر نمس بریپا، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن رمیش ریڈی، صدرنشین تلنگانہ میڈیکل انفرااسٹرکچر کارپوریشن سرینواس، منیجنگ ڈائرکٹر چندرشیکھر، کمشنر ہیلت اجئے کمار، چیرمین اسٹیٹ میڈیکل کونسل راجا لنگم اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ ہریش راؤ نے اندرون ایک ہفتہ 190 اسسٹنٹ پروفیسرس کی ترقی اور پوسٹنگ کے احکامات جاری کرنے کی ہدایت دی۔ پروفیسر سے ایڈیشنل ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن کے عہدہ پر ترقی کیلئے عمر کی حد 57 سال سے بڑھا کر 64 سال کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور جلد ہی احکامات جاری کئے جائیں گے۔ وزیر صحت نے ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن رمیش ریڈی کو ہدایت دی کہ پروفیسرس کے تبادلہ کے سلسلہ میں حکومت کو تجاویز روانہ کریں۔ تلنگانہ ویدیہ ودھان پریشد کے تحت جملہ 112 ڈپٹی سیول سرجن اور سیول سرجنس کی ترقی کا عمل شروع کرنے اور اندرون 15 یوم مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ 371 نرسیس کو ترقی دی جائے اور 10 دن میں مقامی ہونے کی بنیاد پر پوسٹنگ دی جائے۔ انہوں نے فارماسسٹ، لیاب ٹیکنیشن اور ریڈیو گرافرس کے پروموشن کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ 10 کروڑ کی لاگت سے 32 سنگل ڈونر پلیٹ ڈیٹکٹیو ٹسٹ ( ڈینگو ٹسٹ ) کیلئے عصری مشینیں حاصل کی گئی ہیں جو اضلاع کے سرکاری دواخانوں میں نصب کی جائیں گی۔ اجلاس میں پی ایم پی اور آر ایم پی کی ٹریننگ اور تبادلوں کا جائزہ لیا گیا۔ ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق ٹریننگ کیلئے کمیٹی کو رپورٹ پیش کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ اندرون ایک ہفتہ کمیٹی رپورٹ پیش کردے گی۔ ہریش راؤ نے جاریہ سال سے قائم ہونے والے میڈیکل کالجس میں کلاسیس کے آغاز پر توجہ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے نمس کی تعمیر جلد مکمل کرنے کا مشورہ دیا۔ وزیر صحت نے کہا کہ یکم اگسٹ سے108 سرویس کی 204 گاڑیوں اور 228 اماوڈی وہیکلس کا استعمال شروع کیا جائے گا۔ میتوں کو منتقل کرنے کیلئے 38 گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔ر