ٹیکساس میں تباہ کن سیلاب: 24 ہلاکتیں

   

نیویارک ۔ 5 جولائی (ایجنسیز) امریکی ریاست ٹیکساس میں مسلسل شدید بارش اور تباہ کن سیلاب نے رہائشیوں کی زندگیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق اس قدرتی آفت کے نتیجے میں اب تک 24 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ متعدد افراد لاپتا ہیں۔ سان اینجلو شہر سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہے جہاں چند گھنٹوں کے دوران کئی مہینوں کے برابر بارش ریکارڈ کی گئی۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق کچھ علاقوں میں 6 سے 8 انچ جب کہ کچھ مقامات پر 10 انچ تک بارش نے سیلاب کی صورتحال پیدا کردی جس کی وجہ سے گلیوں اور شاہراہوں پر کئی فٹ بلند پانی کھڑا ہو گیا ہے جس نے نقل و حمل کے نظام کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا۔ ریاستی حکام نے ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے جن میں 100 فوجی اہلکاروں سمیت سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں شامل ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ہنگامی منصوبوں پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔