آدھے گھنٹے میں رقم غائب، سائبر کرائم پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ 13 نومبر (سیاست نیوز) عام شہری ہی نہیں بلکہ انفارمیشن ٹکنالوجی میں ماہر اور رات دن انٹرنیٹ کے ذریعہ مصروف رہنے والے بھی سائبر دھوکہ بازوں کا بہ آسانی شکار ہونے لگے ہیں۔ اس طرح کے ایک واقعہ میں سائبر دھوکہ بازوں نے بنجارہ ہلز میں واقع ایک ادارہ کے ایک کروڑ 28 لاکھ روپئے لوٹ لئے۔ تعجب کی بات یہ ہیکہ ٹیکنیکل خامی کو دور کرنے کے نام پر مسائل پیدا کرتے ہوئے صرف آدھے گھنٹے میں بڑی رقم کو لوٹ لیا گیا۔ بنجارہ ہلز میں واقع یہ ادارہ مختلف کمپنیوں کیلئے پے منٹ گیٹ وے سے متعلق ٹیکنیکل خدمات فراہم کرتا ہے۔ مختلف کمپنیوں سے متعلق یو پی آئی لین دین اس کی جانب سے کئے جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دھوکہ دہی کا شکار یہ ادارہ ہے۔ (100) سے زائد کمپنیوں سے وابستہ ہیں۔ چند روز قبل سائبردھوکہ باز اس ادارہ سے رجوع ہوئے۔ الیکٹریکل وائر تیار کرنے والی کمپنی کی آڑ میں خود کو کمپنی کی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش کی اور یو پی آئی خدمات کیلئے ان سے رابطہ بنایا جیسے ہی دھوکہ دہی کا شکار ادارہ نے رضامندی ظاہر کی انہوں نے اپنا کام شروع کردیا۔ ادارے کے سرور میں مسائل پیدا کرنے کے بعد ادارے کی رقم کو دوسرے اکاؤنٹس میں منتقل کردیا اور صرف آدھے گھنٹے کے وقفہ میں ایک کروڑ 28 لاکھ روپئے لوٹ لئے۔ ان کی مزید کوشش سرور کے الارم بجنے سے ناکام ہوگئی اور اس کے ذمہ داروں نے دھوکہ بازوں کو مزید رقم لوٹنے نہیں دیا اور اس کی شکایت سائبر کرائم پولیس سے کردی۔ پولیس نے سارے معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ع