دوسرے مقام پر آندھرا پردیش اور تیسرے مقام پر دہلی ، دسمبر میں ریکارڈ سطح پر ٹیکہ اندازی
حیدرآباد ۔ 27 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : کورونا ٹیکے دینے کے معاملے میں تلنگانہ کو سارے ملک میں سرفہرست مقام حاصل ہوا ہے ۔ بڑی ریاستوں میں زیادہ سے زیادہ عوام کو ٹیکے دینے کا ریاست کو اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ تلنگانہ میں 99.35 فیصد عوام کو کورونا ٹیکہ کا پہلا ڈوز ، 63.40 فیصد عوام کو دوسرا ڈوز دیا گیا ہے ۔ جب کہ آندھرا پردیش کو دوسرا اور دہلی کو تیسرا مقام حاصل ہوا ہے ۔ بہار ، جھارکھنڈ اور پنجاب کو آخری تین مقامات حاصل ہوئے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے دسمبر کے اواخر تک تلنگانہ میں ٹیکہ اندازی مہم کو صد فیصد یقینی بنانے کی ہدایت دی تھی ۔ جس کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے ٹیکہ اندازی مہم میں تیزی پیدا کی گئی ہے ۔ وزیر صحت ٹی ہریش راؤ کی نگرانی میں طبی عملہ تیار کردہ حکمت عملی کے مطابق کام کررہا ہے ۔ ریاست میں 2,77,67,000 عوام کو کوویڈ ٹیکہ کے لیے اہل ہونے کی نشاندہی کی گئی ۔ دسمبر کے پہلے ہفتہ تک 2.5 کروڑ عوام کو پہلا ڈوز اور 1.3 کروڑ عوام کو دوسرا ڈوز دے دیا گیا تھا ۔ مہلت ختم ہوجانے کے باوجود 24 لاکھ عوام کی جانب سے دوسرا ڈوز نہ لینے کی نشاندہی ہوئی ہے ۔ ماہ دسمبر میں 80 لاکھ سے زیادہ ٹیکے دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا اور روزانہ 3 لاکھ ٹیکے دئیے جارہے ہیں ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ تاحال 70 لاکھ سے زائد لوگوں کو ٹیکے دئیے گئے ہیں جس میں 2.76 کروڑ عوام کو پہلا ڈوز دیتے ہوئے 99 فیصد تک نشانہ کو عبور کیا گیا ہے ۔ گذشتہ 10 دن سے سیکنڈ ڈوز پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ دسمبر کی ابتداء میں سیکنڈ ڈوز کا تناسب 48 فیصد تھا جو اب بڑھ کر 63 فیصد سے تجاوز کر گیا ہے ۔ گھروں کو کام کے مقامات اور کھیتوں میں پہونچ کر طبی عملہ ٹیکے دے رہا ہے ۔۔ ن