ٹیکہ سے متاثر ہونے والوں کا نمس ہاسپٹل میں علاج

   

حیدرآباد : حکومت نے کورونا ٹیکہ لینے کے بعد متاثر ہونے والے افراد کو نمس ہاسپٹل منتقل کر کے علاج کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اضلاع میں بھی کورونا ٹیکہ لینے کے بعد متاثر ہونے والے ( اے ای ایف آئی) کیسیس کو فوری حیدرآباد منتقل کرنے کی تمام اضلاع کے میڈیکل آفیسرس کو احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ کورونا ٹیکہ حاصل کرنے کے بعد چند افراد کو سینہ میں درد ، دوسرے طبی مسائل پیدا ہونے کی اطلاعات محکمہ صحت کو وصول ہوئی ہیں جس کاجائزہ لینے کے بعد ایسے افراد کو فوری نمس ہاسپٹل منتقل کرتے ہوئے ماہرین طب کی نگرانی میں علاج کرایا جائے گا ۔ ٹیکہ لینے کے بعد ابھی تک جو دو اموات ہوئی ہیں وہ کارڈیالوجی کے مسائل سے ہونے کا علم ہوا ہے ۔ اے ای ایف آئی کیس میں کس طرح علاج کیا جائے اور کونسی ادویات استعمال کیا جائے اس پر مرکزی حکومت نے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں جس کاجائزہ لینے کے بعد محکمہ صحت کے عہدیدارو ں نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں 16جنوری سے ٹیکہ اندازی مہم کا آغاز ہوا ہے ۔ ابھی تک دو افراد کی موت واقع ہوئی ہے ۔