مرض لاحق ہونے پر معائنہ کے بجائے قرنطینہ اختیار کر کے علاج کروانے کا مشورہ
حیدرآباد۔5جنوری(سیاست نیوز) کوروناوائرس کی نئی قسم اومی کرون ان لوگوں کو بھی متاثر کررہی ہے جو ٹیکہ لے چکے ہیں لیکن شہر حیدرآباد وسکندرآباد کے کورونا وائرس معائنہ کے مراکزپر کورونا وائرس کی علامات کے ساتھ پہنچنے والوںسے کہا جا رہاہے کہ اگر وہ ٹیکہ لے چکے ہیں تو انہیں کورونا وائرس کا معائنہ کروانے کے بجائے قرنطینہ اختیار کرتے ہوئے اپنا علاج کرنا چاہئے ۔ ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے اختیار کردہ اس موقف کے سبب شہر حیدرآباد میں خانگی میڈیکل ہالس پر فروخت کئے جانے والے کورونا وائرس کے معائنہ کی کٹس کی فروخت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اورکہا جا رہاہے کہ معائنہ کے مراکز پر پہنچنے والوں کو ٹیکہ لینے کی صورت میں معائنہ سے انکار پر وہ خانگی طور پر معائنہ کروانے پر مجبور ہونے لگے ہیں۔ دونوں شہروں میں کورونا وائرس کے معائنہ کے مراکز کے اوقات کار میں تخفیف کے بعد اب جن کی ٹیکہ اندازی ہوچکی ہے ان کے معائنوں کے بجائے انہیں ادویات فراہم کرنے کے اقدامات سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے مریضوں کی حقیقی تعداد کی پردہ پوشی کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے اسی لئے معائنوں کے اوقات میں کمی کے ساتھ ساتھ جن کی ٹیکہ اندازی ہوچکی ہے ان کے معائنوں کے بجائے انہیں ادویات دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بستی دواخانوں اور اربن پرائمری ہیلت سنٹرس پر خدمات انجام دینے والے عملہ کا کہناہے کہ انہیں ضلعی عہدیداروں کے بالخصوص محکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے جو ہدایات موصول ہورہی ہیں اس کے مطابق وہ خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان سے کہا گیا ہے کہ جن لوگوں کو کورونا وائرس کا ٹیکہ دیا جاچکا ہے ان کے وائرس کا شکار ہونے کی صورت کوئی سنگین صورتحال نہیں ہورہی ہے اسی لئے ان کے معائنہ کے بجائے انہیں ادویات کی فراہمی عمل میں لائی جائے اور انہیں قرنطینہ کا مشورہ دیا جائے۔ محکمہ صحت کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ کورونا وائرس کے معائنوں میں تخفیف کی کوئی ہدایت نہیں دی گئی ہے اور نہ ہی ٹیکہ لینے والوں کا معائنہ نہ کرنے کے سلسلہ میں کوئی تحریری ہدایات جاری کی گئی ہیں بلکہ محکمہ صحت کی جانب سے معمولی علامات کی صورت میں بھی کورونا وائرس کا معائنہ کروانے کی تاکید کی جا رہی ہے۔ محکمہ کے عہدیداروں نے سیلف ٹسٹنگ کٹس کی فروخت میں ہونے والے اضافہ کی توثیق کی ہے لیکن اس کی تعداد ریکارڈ کرنے کے طریقہ کار کے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔شہر کے مختلف مراکز پر معائنہ کروانے کے لئے پہنچنے والوں کی قطاریں دیکھی جانے لگی ہیں۔ شہر حیدرآباد میں کورونا وائرس کے سیلف ٹیسٹنگ کٹس کی فروخت میں ہونے والے اضافہ کے سلسلہ میں خانگی میڈیکل سپلائرس کا کہنا ہے کہ گذشتہ تین یوم کے دوران ان کٹس کی فروخت میں 300 فیصد تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اچانک مانگ میںہونے والے اضافہ کے سبب بازار میں کٹس کی قلت پائی جارہی ہے۔م