ٹی آرا یس ارکان اسمبلی ‘ کونسل و دیگر قائدین پرشانت کشور سے خوفزدہ؟

,

   

دوبارہ ٹکٹ کا ٹیم پی کے کی رپورٹ پر انحصار ۔ سرکاری اداروں میں تقررات کیلئے بھی رپورٹ کی طلبی

حیدرآباد۔17مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں پرشانت کشور کی سرگرمیاں تلنگانہ راشٹر سمیتی کے ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ سرکردہ قائدین کیلئے لمحۂ فکر بنتی جا رہی ہیں اور وہ اپنے سیاسی آقاؤں کے ساتھ اب پرشانت کشور کی ٹیم کے ارکان کو بھی خوش رکھنے کی کوشش میں مصروف ہوچکے ہیں تاکہ پرشانت کشور ان کی مخالفت نہ کریں اور ان کی ٹیم کی جانب سے بھی کسی قسم کی مخالفت کا انہیں سامنانہ رہے۔ ٹی آر ایس کی جانب سے پرشانت کشور کی انتخابات کیلئے خدمات کے حصول اور سرکاری اسکیمات کا ان کی جانب سے جائزہ لئے جانے اور تفصیلات کے حصول کے ساتھ ہی تلنگانہ کے ارکان اسمبلی میں تشویش کی لہر پیدا ہوئی ہے اور وہ متفکر ہیں کہ انہیں پرشانت کشور کی ٹیم کی جانب سے کسی بھی طرح کی مخالفت یا ان سے الجھنے کی صورت میں دوبارہ ٹکٹ نہیں مل پائے گا کیونکہ پرشانت کشور اور ان کی ٹیم راست چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے رابطہ میں ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں چیف منسٹر نے ارکان اسمبلی کی کارکردگی اور رپورٹ کارڈ کے بعد ہی انہیں دوبارہ ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور موجودہ ارکان اسمبلی کے رپورٹ کارڈ کی تیاری پرشانت کشور کے مددگاروں کی جانب سے تیار کی جا رہی ہے علاوہ ازیں ٹی آر ایس میں موجود ایسے قائدین جو ریاست کے مختلف کارپوریشن یا اداروں کے صدرنشین کی دوڑ میں شامل ہیں وہ بھی پرشانت کشور کی ٹیم کو راضی رکھنے کی کوشش میں مصروف ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ سربراہان کے انتخاب کیلئے بھی چیف منسٹر کے سی آر نے رپورٹ طلب کی ہے ۔ حکومت کے جن اداروں میں تقررات کئے جانے ہیں ان میں اب تک جو لوگ برجمان رہے ہیں ان کی رپورٹ کے علاوہ دیگر قائدین کے متعلق بھی رپورٹ طلب کئے جانے سے ٹی آر ایس قائدین مایوس ہونے لگے ہیں ۔ جو قائدین تحریک تلنگانہ سے اب تک ٹی آر ایس کے ساتھ ہیںان کی رپورٹ کارڈ اگر پرشانت کشور اور ان کی ٹیم سے کروائی جاتی ہے تو پارٹی کے ساتھ وفاداری اور دیانتداری کے ساتھ پارٹی کیلئے کام کرنا بے فیض ثابت ہوگا اور اگر پارٹی میں قائدین کے بجائے باہری افراد سے ان کے متعلق تفصیلات اکھٹا کی جاتی ہیں تو ان کے ساتھ نا انصافی کا خدشہ رہے گا کیونکہ بیشتر کارکن اور قائدین اپنے علاقہ کے ارکان اسمبلی ‘ پارلیمنٹ یا وزراء کے ساتھ سرگرم ہوتے ہیں اور اپنی سیاسی ترقی کیلئے ان کے ذریعہ سفارش کرواتے ہیں ۔