ٹی آرپی ریٹنگس میں ہیراپھیری کی جامع جانچ کا مطالبہ :بی جے پی

   

حیدرآباد۔ تلنگانہ بی جے پی نے مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات سے مطالبہ کیا کہ بارک میٹرس میں علاقائی اور قومی نیوز چینلس کی جانب سے الٹ پھیر کے ذریعہ ٹی آرپی ریٹنگس میں ہیراپھیری کی جامع جانچ کروائے ۔میڈیا کے لئے جاری بیان میں بی جے پی کے ترجمان کے کرشناساگر راو نے الزام لگایا کہ اس غیر قانونی اور غیر اخلاقی طریقہ کار سے نہ صرف نیوز میڈیا کی ساکھ متاثر ہوگی بلکہ اس سے ہندوستان کی معیشت پر بھی اثرپڑے گا،کیونکہ اس کے ذریعہ اشتہارات اور کاروبار کی تشہیر کے لئے غیر مصدقہ ناظرین کے پیمانہ ناپے جارہے ہیں۔مہاراشٹرمیں ریاستی حکومت کی جانب سے منتخب چینلس کے خلاف کارروائی کے لئے پولیس کو آلہ کار کے طورپر استعمال کیاجارہا ہے ۔یہ تمام معاملہ سیاسی مخاصمت کے ٹکراو اور مہاراشٹرحکومت و ممبئی پولیس کی جانب سے اختیار کے غلط استعمال کی مثال ہے ۔اہم قومی نیوز چینلس کے درمیان شخصی جنگ سے دنیا بھرمیں ہندوستانی میڈیا کی شبیہ خراب ہوئی ہے ۔