6 سال میں 1.30 لاکھ ملازمتیں اور 12,800 کروڑ روپئے فیس ری ایمبرسمنٹ فراہم کئے گئے
حیدرآباد : ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ٹی آر ایس حکومت کو ایمپلائز ۔ اسٹوڈنٹس فرینڈلی حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں 1.30 لاکھ ملازمتیں فراہم کی گئیں۔ عنقریب مزید 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا جائیگا۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر تمام محکموں کے اعلیٰ عہدیدار اپنے اپنے محکمہ کی مخلوعہ جائیدادوں کی فہرست تیار کرنے میں مصروف ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے تعلیم کو اولین ترجیح دی ہے۔ سماج کے تمام طبقات کے غریب طلبہ کیلئے 647 ریسیڈنشیل اسکولس قائم کئے ہیں جہاں طلبہ کو کارپوریٹ طرز کی مفت تعلیم کے ساتھ قیام و طعام کی مکمل سہولتیں فراہم کی گئیں۔ 6 سال کے دوران 12,800 کروڑ روپئے کی فیس ری ایمبرسمنٹ فراہم کی گئی ہے۔ ٹی آر ایس کے قائد و انچارج اسمبلی حلقہ اُپل بدرالدین کی قیادت میں عثمانیہ یونیورسٹی، نظام کالج کے طلبہ اور رنگاریڈی ڈسٹرکٹ کورٹ کے وکلاء ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی سے ان کی سرکاری قیام گاہ پر ملاقات کی اور اپنی جانب سے حلقہ گریجویٹ حیدرآباد، رنگاریڈی، محبوب نگر کی ٹی آر ایس امیدوار سرابی وانی دیوی کی مکمل تائید کرنے کا اعلان کیا جس پر وزیر داخلہ نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر نے ایک تعلیم یافتہ خاتون کو انتخابی میدان میں اُتارا ہے جن کی تعلیمی خدمات ناقابل فراموش ہے۔ تعلیم یافتہ افراد ایوان میں پہونچتے ہیں تو زیادہ سے زیادہ عوامی مسائل موضوع بحث بنتے ہیں۔