ٹی آر ایس ، بی جے پی اور مجلس پر فرقہ وارانہ سیاست کرنے کا الزام

   

کانگریس کو کمزور کرنے ملی بھگت،بی جے پی قائد اسد اویسی کے وکیل، ریونت ریڈی اور محمد علی شبیر کی پریس کانفرنس

حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور بی جے پی کے ریاستی صدر بی سنجے کمار باہم مل کر تلنگانہ سماج کو مذہب کی بنیاد پر منقسم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس کے لئے مجلس کو کھلونے کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے ۔ رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی ، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر ، سکریٹری اے آئی سی سی جی چنا ریڈی نے آج گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مجلس ، بی جے پی اور ٹی آر ایس میں ملی بھگت کا الزام عائد کیا اور کہا کہ یہ تینوں پارٹیاں ایک ہی ایجنڈہ کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ سماج کو مذہب کی بنیاد پر منقسم کردیا جائے۔ کانگریس پارٹی کو کمزور کرنے کے لئے یہ تینوں پارٹیاں متحد ہوچکی ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ جہاں کہیں بھی انتخابات ہوتے ہیں ، بی جے پی کو کامیاب کرنے کیلئے مجلس میدان میں اتر جاتی ہے ۔ بہار اسمبلی انتخابات اس کا واضح ثبوت ہے ۔ بہار میں کانگریس اور آر جے ڈی کو نقصان پہنچانے کے لئے مجلس نے مقابلہ کیا جس کا فائدہ بی جے پی کو ہوا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اسد اویسی کو جیل سے ضمانت پر رہا کرانے والے بی جے پی قائد رگھونندن راؤ تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور مجلس کی بظاہر لڑائی ہے جبکہ درپردہ دونوں میں گہری دوستی اور مفاہمت ہے۔ ریونت ریڈی نے اس موقع پر بی جے پی ، ٹی آر ایس اور مجلس کی دوستی پر مبنی بعض تصاویر اور ویڈیو کلپ جاری کئے ۔ ویڈیو کلپ میں اسد اویسی کو ایک سرکاری تقریب میں کشن ریڈی کے ساتھ علحدگی میں بات چیت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ اروند نے رامیشور راؤ کے خلاف شکایت درج کی تھی جس پر مرکزی وزیر کشن ریڈی نے رامیشور راؤ اور ان کے فرزند کو پارلیمنٹ میں وزیر کانکنی سے ملاقات کا اہتمام کرایا اور رامیشور راؤ کے خلاف کارروائی کو روک دیا۔ اگر بی جے پی میں ایمانداری ہے تو کشن ریڈی اور رگھونندن راؤ کو پارٹی سے برطرف کرنا چاہئے ۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ اروند نے رامیشور راؤ کے خلاف مرکز سے شکایت کی لیکن کشن ریڈی نے انہیں بچالیا۔ ریونت ریڈی نے مرکزی وزارت سے کشن ریڈی کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی تمام پالیسیوں اور فیصلوں کی کے سی آر تائید کر رہے ہیں۔ بی جے پی ہندوتوا پارٹی ہونے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن سکریٹریٹ کے احاطہ میں قدیم مندر کے انہدام پر خاموشی اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای ایس آئی اور سہارا اسکام میں سی بی آئی مقدمات کا سامنا کرنے والے کے سی آر کو بی جے پی بچانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ کانگریس قائدین نے کہاکہ بی سنجے الیکشن کمیشن کو روانہ کردہ مکتوب پر جعلی دستخط کی شکایت کر رہے ہیں۔ اگر یہ صحیح ہے تو کشن ریڈی کو اس معاملہ کی جانچ کا اعلان کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مجلس کے دہشت گرد تنظیموں سے تعلقات کا الزام عائد کرنے والی بی جے پی تحقیقات کے لئے تیار کیوں نہیں ؟ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ، ٹی آر ایس اور مجلس متحدہ طور پر کانگریس کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کو پریس کانفرنس کا موقع تک نہیں دیا جاتا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی ’’بستی ہمارا ۔ بلدیہ ہمارا‘‘ نعرے کے تحت مقابلہ کرے گی۔