ٹی آر ایس ، صد فیصد سیکولر پارٹی

   

سدا سیو پیٹ میں رکن اسمبلی ظہیر آباد مانک راؤ کی پریس کانفر نس

سدا سیو پیٹ ۔ 16 ۔ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سنگا ریڈی کے سدا سیو پیٹ میونسپل کونسل کے مجوزہ انتخابات کی مہم میں حصہ لیتے ہوئے ظہیر آباد ایم ایل اے کے مانک راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی ایک صد فیصد سیکولر پارٹی ہے جو ریاست کے سبھی طبقات کے تہواروں کو سرکاری سطح پر مناتی ہے اور حال ہی میں مرکز کی بی جے پی حکومت کے متنازعہ قانون CAA کی بھی ٹی آر ایس حکومت مخالفت کی ہے ۔ انہوں نے سدا سیو پیٹ کے عوام اور بالخصوص مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹی آر ایس کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے منتخب کریں ۔ انہوں نے سدا سیو پیٹ کے ایک فنکشن ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں انجام دیئے جانے والے ترقیاتی کاموں کو بے مثال قرار دیا جو قابل تقلید ہیں۔ ریاست اور ضلع سنگا ریڈی میں عوامی فلاح و بہبود کیلئے آسرا اسکیم ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر شادی مبارک و کلیان لکشمی اور کسانوں کے لئے رعیتو بندھو جیسی اسکیمات کو کامیابی سے روبہ عمل میں لایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سدا سیو پیٹ کے عوام کے بلدی مسائل کی یکسوئی صرف ٹی آر ایس پارٹی سے ہی ہے ، ممکن ہے جبکہ کانگریس پارٹی کے امیدواروں کو ان کے ہارنے کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے اس لئے وہ یا تو نامزدگی واپس لے رہے ہیں یا برائے نام انتخاب میں رہ گئے ہیں۔ سدا سیو پیٹ میں میونسپل چیرمین ٹی آر ایس کا بننے کے صد فیصد آثار ہیں۔ اس موقع پر کے انجیا سابق کونسلر سائی کمار ریاستی ٹی آر ایس قائد بی وینکیا اکبرحسین سابق نمائند ے چیرمین ظہیر آباد تنظیم احمد سینئر ٹی آر ایس قائد سید محی الدین کے علاوہ دیگر قائدین کارکنان کی کثیر تعداد شامل تھی ۔