ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ کی نئی دہلی میں وزیر ریلویز پیوش گوئل سے ملاقات

   

قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام کا مطالبہ، دیگر ریلوے پراجکٹس پر نمائندگی
حیدرآباد: ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کے ایک وفد نے وزیر ریلویز پیوش گوئل سے نئی دہلی میں ملاقات کی اور تلنگانہ کیلئے ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام کا مطالبہ کیا۔ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے تحت مرکزی حکومت نے قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام کا وعدہ کیا تھا لیکن حال ہی میں مرکز نے ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام سے انکارکیا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کے آر سریش ریڈی ، جے سنتوش کمار ، ڈاکٹر بی پرکاش ، پی راملو ، بی بی پاٹل ، ڈاکٹر جی رنجیت ریڈی ، ڈاکٹر بی وینکٹیش ، کے پربھاکر ریڈی ، ناما ناگیشور راؤ اور دوسروں نے پیوش گوئل کو تلنگانہ میں ریلوے پراجکٹس کی منظوری کی ضرورت سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام سے متعلق کئی مرتبہ وعدہ کیا تھا کیونکہ یہ تنظیم جدید قانون میں شامل ہیں۔ مرکزی وزیر راجناتھ سنگھ نے 24 جولائی 2018 ء کو پارلیمنٹ میں وعدہ کی تکمیل کا یقین دلایا تھا۔ تلنگانہ عوام کو مرکز سے وعدہ کی تکمیل کا انتظار ہے لیکن حال ہی میں آر ٹی آئی کے ایک جواب میں مرکز نے ریلوے کوچ فیکٹری کے امکانات سے انکار کیا ہے جس سے تلنگانہ عوام کو صدمہ پہنچا۔ مرکز کا یہ فیصلہ تنظیم جدید قانون کی خلاف ورزی ہے۔ ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ کوچ فیکٹری کے قیام کا طویل عرصہ سے مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے مرکزی وزیر سے خواہش کی کہ وہ پارلیمنٹ میں منظورہ قانون کا احترام کرتے ہوئے قاضی پیٹ میں کوچ فیکٹری کے قیام کی تیاریوں کا آغاز کریں۔ مرکزی وزیر کو تلنگانہ کے زیر التواء ریلوے پراجکٹس سے بھی واقف کرایا گیا ۔