ٹی آر ایس اور بی جے پی ایک دوسرے کی دم چھلہ پارٹیاں

   

Ferty9 Clinic

ایک دوسرے پر تنقید محض دکھاوا، رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا بیان

حیدرآباد ۔ 19 ۔ اگست (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی رینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی ایک دوسرے کی مخالفت کا ڈرامہ کر رہی ہے جبکہ حقیقت میں یہ دونوں ایک دوسرے کی دم چھلہ پارٹیاں ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں قدم جمانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے لیکن عوام اسے قبول نہیں کریں گے۔ تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں بعض کوتاہیوں اور غلطیوں کے نتیجہ میں کانگریس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن آئندہ انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام ٹی آر ایس کی عوام دشمن پالیسیوں سے عاجز آچکے ہیں ۔ عوام سے کئے گئے وعدے مکمل نہیں کئے گئے اور چیف منسٹر صرف تشہیری پروگراموں میں مصروف ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ 26 اگست سے نارکٹ پلی علاقہ سے پد یاترا کا آغاز کریں گے ۔ وینکٹ ریڈی نے انارم سے پدا عنبرپیٹ تک سی سی روڈ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ پانچ کروڑ 80 لاکھ روپئے کی لاگت سے یہ سڑک تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں اس سڑ ک کی تعمیر پر توجہ نہیں دی گئی تھی۔ ابراہیم پٹنم اسمبلی حلقہ میں عوام کے ووٹ حاصل کرنے کے لئے ٹی آر ایس نے صرف سنگ بنیاد رکھا تھا ۔ اسمبلی انتخابات سے قبل 4,000 کروڑ کے ترقیاتی کاموں سے متعلق احکامات جاری کئے گئے لیکن آج تک بجٹ جاری نہیں ہوا۔ حکومت کے جی او جوں کے توں برقرار ہیں لیکن ترقیاتی کام شروع نہیں ہوئے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ہر مسئلہ پر ٹوئیٹر کے ذریعہ ردعمل ظاہر کرنے والے کے ٹی راما راؤ کو اس کا جواب دینا چاہئے۔ انہوں نے کے ٹی آر سے مطالبہ کیا کہ ووٹ حاصل کرنے کے لئے کئے گئے اعلانات پر عوام سے معذرت خواہی کریں۔ وینکٹ ریڈی نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔