بی جے پی کو فائدہ پہنچانے مجلس کا دیگر ریاستوں میں مقابلہ، پرانے شہر میں کانگریس ایم ایل سی امیدوار کی انتخابی مہم
حیدرآباد۔ صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ریاست کی ٹی آر ایس اور مرکز کی بی جے پی حکومت نے حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر کو گذشتہ سات برسوں میں نظرانداز کردیا ہے۔ چیف منسٹر نے گذشتہ سات برسوں میں پرانے شہر کا ایک بھی دورہ نہیں کیا اور نہ ہی پرانے شہر کے مسائل پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر نے پرانے شہر کواستنبول کی طرح ترقی دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن ترقی کے معاملہ میں پرانا شہر آج بھی پسماندہ ہے۔ پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے گریجویٹس کو روزگار کے مواقع حاصل نہیں ہوئے اور پرانے شہر سے تعلق رکھنے والوں کے ساتھ مختلف شعبہ جات میں ناانصافی کا سلسلہ جاری ہے۔ اتم کمار ریڈی آج پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں کانگریس ایم ایل سی امیدوار جی چنا ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لے رہے تھے۔ انہوں نے چارمینار اور مشیرآباد کے علاقوں میں گریجویٹ رائے دہندوں سے خطاب کیا۔ چندرائن گٹہ، بہادر پورہ، یاقوت پورہ کے پارٹی کارکنوں اور رائے دہندوں کا اجلاس چارمینار کے قریب فنکشن ہال میں منعقد ہوا۔ اتم کمار ریڈی اور چنا ریڈی نے شیعہ طبقہ کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ پرانے شہر کے ساتھ حکومت کا سلوک ایسا ہے جیسے پرانا شہر تلنگانہ کا حصہ نہیں۔ 2014 سے ایک بھی نیا پراجکٹ شروع نہیں کیا گیا۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ اور موسی ندی کو خوبصورت بنانے جیسے پراجکٹس فنڈز کی کمی کے باعث تعطل کا شکار ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت پرانے شہر میں میٹرو ریل کے آغاز میں ناکام ہوچکی ہے۔ کانگریس دور حکومت میں میٹرو ریل کا آغاز کیا گیا تھا اور اسے پرانے شہر میں توسیع دینے کی تجویز تھی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس اور مجلس نے میٹرو ریل کی روٹ میں تبدیلی کرتے ہوئے پرانے شہر کو اس سہولت سے محروم کردیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ پرانے شہر میں سیاحت کے بہتر مواقع ہیں لیکن سڑکوں اور سہولتوں کو بہتر بنانے پر کوئی توجہ نہیں ہے۔ مجلس جو پارلیمنٹ، اسمبلی اور بلدیہ میں پرانے شہر کی نمائندگی کرتی ہے اسے ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں۔ ٹی آر ایس اور مجلس دونوں پرانے شہر کو پسماندہ اور سلم علاقے کے طور پر برقرار رکھنے چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پرانے شہر سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا ہے۔ بی جے پی حیدرآباد کا نام تبدیل کرنا چاہتی ہے لیکن اسے ترقی میں دلچسپی نہیں۔ مجلس ملک کی دیگر ریاستوں میں بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کیلئے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے صدر مجلس سے سوال کیا کہ اگر پارٹی کو توسیع دینا مقصد ہوتا تو پھر ایم ایل سی انتخابات میں حصہ کیوں نہیں لے رہے ہیں۔ انہوں نے پرانے شہر کے گریجویٹ رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس امیدوار کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ انتخابی مہم میں اے آئی سی سی کے سکریٹریز سمپت کمار، ومشی چند ریڈی، جی نرنجن، ایس کے افضل الدین، فیروز خان، شیخ عبداللہ سہیل، راشد خاں اور پرانے شہر کے مقامی قائدین نے حصہ لیا۔