رائے دہندوں سے ریونت ریڈی کی اپیل، ہر گھر سے ایک ووٹ کا نعرہ،پنشن نہیں روزگار چاہیئے
حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے حضور آباد کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ آئندہ 72 گھنٹوں میں ٹی آر ایس اور بی جے پی سے بھاری رقومات وصول کریں لیکن ووٹ کانگریس امیدوار کو دیں۔ ریونت ریڈی نے حضورآباد ٹاون میں انتخابی مہم کے آخری دن پارٹی امیدوار بی وینکٹ کی تائید میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس جلسہ میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور ریونت ریڈی کی تقریر کے دوران کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ آئندہ 72 گھنٹے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی ووٹ کیلئے رقومات تقسیم کرنے کی تیاری کرچکی ہیں۔ انہوں نے رائے دہندوں سے کہا کہ وہ ہر گلی اور ہر نکڑ پر ان قائدین کو روک کر ان سے رقومات چھین لیں کیونکہ یہ عوام کا حق ہے لیکن 30 اکٹوبر کو کانگریس امیدوار کو ووٹ دیں۔ انہوں نے ہر گھر سے کانگریس کو ایک ووٹ کا نعرہ لگایا اور کہا کہ حضورآباد میں عوام کو پنشن کی نہیں بلکہ ملازمت کی ضرورت ہے۔ 2000 روپئے پنشن دراصل حکومت کی بھیک کی طرح ہے لیکن کانگریس پارٹی ہر گھر میں روزگار کی فراہمی کی جدوجہد کرے گی جس کے تحت ماہانہ 60 تا 80 ہزار روپئے کی آمدنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد کے ہر شخص کے ساتھ کانگریس پارٹی ہے اور کسی بھی مصیبت کی گھڑی میں وہ بذات خود حضورآباد پہنچ جائیں گے۔ ریونت ریڈی نے ٹی آر ایس اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اورکہا کہ دونوں پارٹیاں خفیہ مفاہمت کے ذریعہ انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل ، پکوان گیس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کیلئے دونوں پارٹیاں ذمہ دار ہیں۔ ان پارٹیوں کو عوامی مسائل سے زیادہ اپنے اثاثہ جات کے تحفظ کی فکر ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے 120 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ بی جے پی نے ابھی تک 100 کروڑ روپئے خرچ کردیئے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کیلئے قربانیاں دینے والے نوجوانوں کے خاندانوں کو فراموش کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے مقابلہ کیلئے کانگریس نے ایک نوجوان قائد کو میدان میں اتارا ہے جو روزگار کی فراہمی کیلئے جدوجہد کرے گا۔ جلسہ عام سے سابق وزیر محمد علی شبیر، دامودر راج نرسمہا، پونم پربھاکراور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ر
