سیکولرازم کے استحکام کیلئے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل، کانگریس ترجمان شراون کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 26۔ مارچ (سیاست نیوز) اے آئی سی سی کے ترجمان ڈاکٹر شراون نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس اور بی جے پی عوام کو گمراہ کرتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شراون نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی دو علحدہ پارٹیاں دکھائی دیتی ہیں لیکن ان میں درپردہ مفاہمت ہے اور وہ ایک دوسرے پر دکھاوے کی تنقید کے ذریعہ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے بعد کونسل کی تین نشستوں کے انتخابات میں رائے دہندوں نے ٹی آر ایس کو مسترد کردیا ہے ۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام حکومت کی کارکردگی سے ناراض ہیں۔ شراون نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں ٹی آر ایس کی شکست یقینی ہے اور کانگریس پارٹی کا بہتر مظاہرہ رہے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کا استعمال کرنے سے قبل اس بات کا جائزہ لیں کہ ملک کیلئے کون فائدہ مند ہیں۔ مرکز کی نریندر مودی حکومت نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا اب جبکہ دوسری میعاد کیلئے انتخابات آچکے ہیں۔ نریندر مودی دوبارہ وعدوں پر انحصار کر رہے ہیں۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات دراصل مودی اور راہول گاندھی کے درمیان مقابلہ ہے۔ ملک کی موجودہ صورتحال میں سیکولر طاقتوں کو مستحکم کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے فرقہ وارانہ اساس پر عوام کو تقسیم کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ۔ کشمیر میں دہشت گرد حملہ کو سیاسی فائدہ کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی نے غریبوں کیلئے آمدنی ضمانت اسکیم کا اعلان کیا ہے جس سے لاکھوں خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کی منفرد اسکیم ہے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ غربت کے خاتمہ کے سلسلہ میں کانگریس سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی اور ٹی آر ایس سے چوکس رہیں جو گمراہ کرتے ہوئے ووٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ شراون نے کہا کہ سیکولرازم کی آڑ میں ٹی آر ایس مرکز میں بی جے پی کی مدد کر رہی ہے اور لوک سبھا انتخابات میں ٹی آر ایس کو ووٹ دینا دراصل بی جے پی کو ووٹ دینے کے مترادف ہے ۔ پریس کانفرنس میں سکندرآباد لوک سبھا حلقہ کے کانگریس امیدوار انجن کمار یادو اور سینئر قائد ایم کودنڈا ریڈی موجود تھے۔