ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ مفاہمت کا الزام

   

بدعنوانیوں کی تحقیقات کا چیلنج، جنرل سکریٹری کانگریس ونود ریڈی کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔/2 جنوری، ( سیاست نیوز) جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ایم ونود ریڈی نے ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان ملی بھگت کا الزام عائد کیا اور کہا کہ شیخ پیٹ فلائی اوور کی افتتاحی تقریب میں یہ بات واضح ہوگئی کہ دونوں پارٹیاں عوام کو گمراہ کرتے ہوئے ایک دوسرے پر تنقید کا ڈرامہ کررہی ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ونود ریڈی نے کہا کہ مرکزی وزیر کشن ریڈی اور ریاستی وزیر کے ٹی آر تقریب میں ایک دوسرے کی بھرپور تعریف اور ستائش کررہے تھے۔ دھان کی خریدی اور دیگر مسائل پر دونوں پارٹیاں عوام کے درمیان ایک دوسرے کو نشانہ بنارہی ہیں لیکن عوامی تقریب میں حقیقت آشکار ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی پیشقدمی روکنے کیلئے دونوں پارٹیوں نے منصوبہ بند طریقہ سے خفیہ مفاہمت کرلی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اچھی طرح جان چکے ہیں کہ دونوں پارٹیاں سیاسی مقصد براری کیلئے مخالفت کا ڈرامہ کررہی ہیں۔ ونود ریڈی نے کہا کہ کے ٹی آر اور کشن ریڈی نے ایک دوسرے کے خلاف کئی الزامات عائد کئے لیکن شیخ پیٹ فلائی اوور کی افتتاحی تقریب میں یہ دونوں قریبی دوست دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں ہوئی ہیں اور بی جے پی قائدین نے کے سی آر خاندان پر کرپشن کا الزام عائد کیا لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے تحقیقات کا اعلان نہیں کیا گیا۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا تھا کہ کے سی آر کی بدعنوانیوں کا ٹھوس ثبوت موجود ہے لیکن حیرت کی بات ہے کہ انہوں نے آج تک تحقیقات کی ہدایت نہیں دی ہے۔ اگر بی جے پی حقیقی معنوں میں سنجیدہ ہے تو مرکز سے تحقیقات کا اعلان ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی ریاست اور مرکز میں برسراقتدار آئے گی اور بی جے پی اور ٹی آر ایس کی بے قاعدگیوں کو برسر عام کیا جائے گا۔ر