ٹی آر ایس اور وائی ایس آر کانگریس، بی جے پی کی حلیف جماعتیں

   

مرکزی وزیر پیوش گوئل کی تصدیق، آندھراپردیش اور تلنگانہ کے سیاسی حلقوں میں سنسنی

حیدرآباد ۔ 25مارچ ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر ریلوے پیوش گوئل نے ٹی آر ایس اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو اپنی حلیف جماعتیں قراردیتے ہوئے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے سیاسی حلقوں میں سنسنی پیدا کردی ۔ ابھی تک تلنگانہ میں کانگریس اور آندھراپردیش میں تلگودیشم پارٹی ٹی آر ایس اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو بی جے پی کی حلیف جماعتیں قرار دیا کرتی تھی اور ان دونوں ہی جماعتوں کی جانب سے ان کی تردید کی جاتی رہی ہے لیکن بی جے پی کے ایک سینئر قائد و مرکزی وزیر ریلوے پیوش گوئل نے اپنے دورہ حیدرآباد کے موقع پر ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے تصدیق کردی کہ ٹی آر ایس اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی اس کی حلیف جماعتیں ہیں ۔ ویژن انڈیا کے موضوع پر اہتمام کردہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیوش گوئل نے کہا کہ اپنے بل بوتے پر بی جے پی 300 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بی جے پی کو 2014ء کے عام انتخآبات سے زیادہ حلقوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ رام جنم بھومی اراضی پر ہی رام مندر تعمیر کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ رام مندر کی کسی بھی صورت میں تعمیر کی جائے گی ۔ کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی پر طنز کرتے ہوئے پیوش گوئل نے کہاکہ ہم صرف سیاسی فائدے کیلئے مندر کے درشن نہیں کرتے ۔