ٹی آر ایس اور وائی ایس آر کانگریس کے ڈونیشن میں بھاری اضافہ

   

ٹی آر ایس کے پاس 301 کروڑ جبکہ وائی ایس آر کانگریس 143 کروڑ کے حامل
حیدرآباد: الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق دونوں تلگو ریاستوں کی برسر اقتدار پارٹیوں کے پاس ڈونیشن کے طور پر بینکوں میں بھاری رقم موجود ہے۔ مالیاتی سال 2019-20 ء کے دوران الیکشن کمیشن آف انڈیا کو آڈیٹر کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ کے مطابق ٹی آر ایس اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو الیکٹورل بانڈس اور عطیات کی شکل میں بھاری ڈونیشن حاصل ہوئے ہیں۔ ٹی آر ایس کی بیالنس شیٹ کے مطابق 301 کروڑ روپئے مارچ 2020 ء تک موجود ہیں جس میں 279 کروڑ کے کرنٹ اثاثہ جات ہیں۔ مارچ 2019 ء میں یہ رقم 188 کروڑ تھی اور ایک سال کے عرصہ میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ 2019-20 کے دوران ٹی آر ایس کو الیکٹورل بانڈس سے 89 کروڑس حاصل ہوئے ۔ ٹی آر ایس کے و رکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے پارٹی کے لئے 2.5 لاکھ روپئے کا عطیہ دیا ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی 31 مارچ 2020 ء تک کی بیالنس شیٹ کے مطابق 143 کروڑس کے فنڈس موجود ہیں۔ مارچ 2019 ء تک پارٹی فنڈس 93 کروڑ تھے ۔ پارٹی نے 37 کروڑ خرچ کئے جبکہ اسے 92 کروڑ عطیات کی شکل میں حاصل ہوئے ہیں۔ الیکٹورل بانڈس کے تحت 74 کروڑ روپئے حاصل ہوئے۔ تلگو دیشم پارٹی کے فنڈس 188 کروڑ ہیں جن میں 95 کروڑ کرنٹ اثاثہ جات ہیں۔ مارچ 2019 ء میں جملہ فنڈس 193 کروڑ تھے ۔ تلگو ریاستوں کی دونوں برسر اقتدار پارٹیوں کے فنڈس میں دو سال کے دوران مسلسل اضافہ ہوا ہے۔