ٹی آر ایس بیالٹ پیپر کی حامی ۔ الیکشن کمیشن کو مکتوب حوالے

,

   

مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات

حیدرآباد۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات بیالٹ پیپر پر کروانے کی حمایت کی ہے ۔ ٹی آر ایس کے جنرل سکریٹریز ایم سرینواس ریڈی اورایس بھارت کمار نے آج ریاستی الیکشن کمیشن کے سربراہ سی پارتا سارتھی سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی کی رائے پر مشتمل کمیشن کے حوالے کردیا ۔ واضح رہے کہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات بیالٹ پیپر کے ذریعہ یا پھر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعہ کروانے سے متعلق سیاسی جماعتوں کی رائے طلب کی تھی ۔ سیاسی جماعتوں سے کہا گیا تھا کہ وہ 30 ستمبر سے قبل اپنی رائے سے کمیشن کو آگاہ کریں۔ کمیشن نے آگاہ کیا تھا کہ اگر کوئی جماعت اس تعلق سے اپنی رائے سے واقف نہ کروائے تو یہ سمجھا جائیگا کہ اسے کسی بھی فیصلے پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس لیڈر ایم سرینواس ریڈی نے بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کی رائے پر مشتمل مکتوب ریاستی الیکشن کمیشن کو سونپ دیا گیا ہے اور اس تعلق سے پہلے چیف منسٹر و صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راو کی منظوری حاصل کرلی گئی تھی ۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ بعض گوشوں کا خیال ہے کہ کورونا وقت میں بیالٹ پیپر کے ذریعہ انتخابات کروانے میں مشکل ہوگی تو پارٹی کا یہ خیال ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعہ انتخابات کروانے میں بھی یہی مشکلات پیش آسکتی ہیںاسی لئے ٹی آر ایس نے بیالٹ پیپر کی حمایت کی ہے ۔