ٹی آر ایس ‘ بی جے پی کی بی ٹیم

   

تلنگانہ میں کانگریس کا تمام 17 حلقوں میںتنہا مقابلہ : کنتیا
حیدرآباد۔/24 مارچ، ( سیاست نیوز) اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس دراصل بی جے پی کی بی ٹیم ہے اور اسے ووٹ دینا بی جے پی کو ووٹ دینے کے مترادف ہے۔ کانگریس تلنگانہ میں تمام 17 نشستوں پر کسی پارٹی سے مفاہمت کے بغیر تنہا مقابلہ کررہی ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کنتیا نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کی طرح لوک سبھا میں کوئی انتخابی مفاہمت نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی سماجی انصاف کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے سیکولر پارٹیوں سے کانگریس کی تائید کی اپیل کی۔ ٹی آر ایس سیکولر پارٹی کی طرح ڈھونگ کررہی ہے حالانکہ وہ بی جے پی کی بی ٹیم ثابت ہوچکی ہے۔ انہوں نے تلگودیشم، تلنگانہ جنا سمیتی، سی پی آئی اور سی پی ایم سے اپیل کی کہ جہاں ان کے امیدوار نہ ہوں وہاں کانگریس کی کامیابی کیلئے کام کریں۔ کنتیا نے راہول گاندھی کے خلاف مرکزی وزیر پیوش گویل کے بیان کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس نے 4 ریاستوں میں کامیابی حاصل کی۔ راہول گاندھی کی بڑھتی مقبولیت سے مودی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پلوامہ دہشت گرد حملہ کو بی جے پی سیاسی فائدہ کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ کنتیا نے دعویٰ کیا کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔