ریاست میں سیاسی صف بندی کا منظر صاف ہونے کے بعد فیصلہ : کونڈا ویشویشور ریڈی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا ویشویشور ریڈی نے کہا کہ ریاست میں سیاسی صف بندیوں کا مسئلہ طئے پانے کے بعد وہ کونسی پارٹی میں شامل ہوں گے اس کا فیصلہ کریں گے ۔ کونڈا ویشویشور ریڈی نے کہا کہ وہ ٹی آر ایس سے اتحاد کرنے والی جماعت میں شامل نہیں ہوں گے کیوں کہ انہیں ٹی آر ایس ، کے سی آر اور کے ٹی آر کو شکست دینا ہے ۔ اس کے لیے وہ انتظار کرو اور دیکھو پالیسی اپنائے ہوئے ہیں ۔ انتخابات سے قبل قومی اور علاقائی سطح پر نئی سیاسی صف بندیاں ہوں گی ۔ شاید کانگریس ٹی آر ایس سے اتحاد کرسکتی ہے یا بی جے پی ٹی آر ایس سے اتحاد کرسکتی ہے ۔ وہ صحیح وقت کا انتظار کررہے ہیں ۔ اگر بی جے پی حکمران ٹی آر ایس سے اتحاد کرتی ہے تو وہ کانگریس میں شامل ہوں گے اور اگر کانگریس ۔ ٹی آر ایس سے اتحاد کرے گی تو وہ بی جے پی میں شامل ہوں گے ۔ کونڈا ویشویشور ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس تحریک کی جماعت نہیں ہے اس میں مخالف تلنگانہ ذہن اور مہم چلانے والے قائدین شامل ہوگئے ہیں اور ٹی آر ایس قیادت تلنگانہ کے حامیوں اور ساتھ ہی تحریک کے مجاہدین کو نظر انداز کرتے ہوئے مخالفین تلنگانہ کا ٹی آر ایس اور حکومت میں سرخ قالین پر استقبال کیا جارہا ہے جس پر اختلاف کرتے ہوئے وہ ٹی آر ایس سے مستعفی ہوئے ہیں ۔ سابق رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ حکومت کچھ بھی کرلے ضمنی انتخابات میں ایٹالہ راجندر کامیاب ہوں گے اور ان کی مکمل تائید ایٹالہ راجندر کو رہے گی ۔۔ ن