سوریا پیٹ میں دلت بندھو اسکیم کی دکان کا وزیر برقی کے ہاتھوں افتتاح
سوریاپیٹ۔ سوریاپیٹ کے باشا نائک ٹانڈہ میں وزیر برقی جگدیش ریڈی نے دلت بندھو اسکیم کے تحت کرانہ دوکان اور ٹینٹ ہاؤز کا افتتاح کیا۔ اس موقع وزیر برقی جگدیش ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت دلتوں کی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں کو روزگار سے مربوط کرنے اور ان کی معاشی ترقی کے لئے حکومت نے دلت بندھو منفرد اسکیم کا آغاز کیا جس کی دنیا بھر میں ستائش کی جارہی ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ تمام طبقات کی یکساں ترقی کے لئے حکومت کی مساعی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر کی دور اندیش قیادت کی بدولت تلنگانہ نے بہت قلیل عرصہ میں کئی ایک ترقیاتی منازل طے کئے ہیں۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ دلت بندھو سمیت دیگر کئی اسکیمات کی گونج ملک کے کونے کونے میں سنائی دے رہی ہے۔ اس موقع پر صدر نشین ڈی سی ایم ایس وٹے جانیا یادو، نائب صدر نشین ضلع پریشد جی وینکٹ نارائنا، صدر نشین ضلع لائبریری این سرینواس گوڑ، صدر نشین بلدیہ سوریاپیٹ انا پورنا ودیگر موجود تھے۔