سنٹرل فورسس سے سیکوریٹی فراہم کرنے امیت شاہ کو مکتوب
حیدرآباد: کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سیکوریٹی میں اضافہ کی درخواست کی ۔ انہوں نے حکومت میں شامل سیاسی حریفوں کی جانب سے زندگی کو خطرہ لاحق ہونے کی شکایت کی ہے۔ ریونت ریڈی نے 4+4 گن مین سیکوریٹی اور اسکواڈ وہیکل فراہم کرنے کی درخواست کی ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی پولیس کے بجائے سنٹرل ایجنسیز یا پھر کسی آزادانہ ادارہ سے سیکوریٹی گارڈس فراہم کئے جائیں کیونکہ انہیں برسر اقتدار ٹی آر ایس سے خطرہ ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سیکوریٹی سے وہ مطمئن نہیں ہے اور ان کی سلامتی خطرہ میں ہے۔ انہوں نے تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت سیکوریٹی میں اضافہ کی درخواست کی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایت پر ریاستی حکومت نے سیکوریٹی فراہم کی تھی لیکن ریونت ریڈی کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت کی سیکوریٹی ان کی سرگرمیوں پر 24 گھنٹے نگرانی کی طرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سیاسی مخالفین سے زندگی کو سنگین خطرہ ہے۔