حلقہ اسمبلی کاروان کانگریس پارٹی انچارج عثمان محمد الہاجری کا عوام کیساتھ احتجاج
حیدرآباد ۔ 11 ستمبر (راست) ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے عوام سے کئے گئے وعدوں میں ناکامی کے خلاف حلقہ اسمبلی کاروان سے کانگریس پارٹی انچارج جناب عثمان بن محمد الہاجری کی زیرقیادت گولکنڈہ منڈل اور آصف نگر منڈل پر احتجاجی دھرنا منظم کرتے ہوئے ایم آر او گولکنڈہ کو تحریری یادداشت پیش کی گئی۔ یادداشت میں ٹی آر ایس حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے یاد دہانی کروائی جس میں ٹی آر ایس دورحکومت میں گذشتہ 5 سال میں 4000 سے زائد جن غریب بے زمین کسانوں نے خودکشی کی ہے حکومت کو چاہئے کہ ان کے ورثا کو فی الفور 500000 لاکھ روپئے امداد جاری کرے۔ ریتو بندھو اسکیم عمل کرتے ہوئے غریب کسانوں کی بھرپور مدد کی جائے۔ ضیاء گوڑہ سلاٹر ہاوز کی زمین پر حیدرآباد شہر کا سارا کچرا لا کر ڈالا جارہا ہے جس کی وجہ سے علاقہ میں تعفن پھیل رہا ہے اور مچھروں کی کثرت روزبروز بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے کئی ایک بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ وفد نے موسیٰ ندی کی کی جارہی لینڈ گرابنگ کو روکتے ہوئے لینڈ مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ بعدازاں جناب عثمان الہاجری نے آصف نگرمنڈل پہنچ کر دیونی کنٹہ تالاب پر قابض سیاسی لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی اور کاسٹ سرٹیفکیٹ، انکم سرٹیفکیٹ کی جلد اجرائی کیلئے ڈپٹی تحصیلدار نوین ریڈی سے نمائندگی کی۔ اس موقع پر کانگریس قائدین جن میں پی سی سی سکریٹریز مسرز جمال پور بندولال، چندرشیکھر کے علاوہ محمد عنایت توکلی، پریم کشور، نرہری، محمد فیروز، محمد محمود عامر ساجد اور دیگر کارکنان موجود تھے۔