ٹی آر ایس حکومت پر اقلیتوں کو دھوکہ دینے کا الزام

   

بھینسہ میں مختلف پارٹی قائدین کی کانگریس میں شمولیت ، انند راؤ پٹیل کا خطاب

بھینسہ۔18 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عام آدمی پارٹی اور وائی ایس آر سی پی کے اقلیتی قائدین نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی اس ضمن میں ایک تقریب بھینسہ کے فنکشن ہال میں منعقد کی گئی جس میں کانگریس اقلیتی سیل کے ضلعی چیئرمین جنید میمن نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور تمام کو کانگریس پارٹی کھنڈوا پہناکر استقبال کیا ۔ اس موقع پر تعلقہ کانگریس پارٹی انچارج آنند راؤ پٹیل اور دیگر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ کانگریس ہندوستان تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسی کو مسترد کر کے سیکولرزم کو فروغ دیتے ہوئے عوام کے درمیان پہنچ رہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت مذہب کے نام پر ملک کو تقسیم کررہی ہے اور ٹی آر ایس حکومت ریاست میں اقلیتوں کو تحفظات کی عدم فراہمی کے علاوہ دیگر کئی وعدوں پر دھوکہ دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے کیونکہ عوام کانگریس میں جوق در جوق شامل ہورہے اور آج بھینسہ شہر کے عام آدمی پارٹی تعلقہ انچارج جاوید خان ، وائی ایس آر سی پی کے سینئر لیڈر عبدالباری اور نوجوان عبدالمعیز کے علاوہ دیگر نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے جبکہ جنید میمن اقلیتی سیل کے ضلعی چیئرمین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقت میں تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کا جھنڈا بلند ہوگا کیونکہ تلنگانہ میں بی آر ایس حکومت کو آئے ہوئے نو سال ہوچکے ہیں لیکن تاحال مسلمانوں کو 12 فیصد فراہم نہیں کیئے گئے اور صرف مسلمانوں کو رُسوا کیا جارہا ہے جس کے پیش نظر آئندہ انتخابات میں کے سی آر کو سبق سکھانے کی ضرورت ہے ۔ جنید میمن نے کہا کہ اگر اقلیتوں کو تو صرف اور صرف کانگریس پارٹی کے دور اقتدار میں ہی فائدہ ہوگا۔ اس پروگرام میں بھینسہ ٹاؤن صدر بھومنا ، سابق میونسپل چیرمین احمد محی الدین ، احمد خان حوالدار ، این ایس یو آئی ضلع انچارج امجد شیخ و دیگر کانگریسی قائدین اور کارکنان کی کثئر تعداد موجود تھی۔