ٹی آر ایس حکومت پر عوامی مسائل سے فرار کا الزام

   

بلدی چناؤ میں کامیابی کیلئے جھوٹے وعدے: ، ہنمنت راؤ
حیدرآباد: سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ عوامی مسائل سے ٹی آر ایس حکومت نے راہ فرار اختیار کرتے ہوئے اسمبلی اجلاس کو مقررہ شیڈول سے پہلے ملتوی کردیا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راوؤنے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہے۔ بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں 28 ستمبر تک اجلاس جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اچانک اجلاس کو ملتوی کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 دنوں میں حکومت نے سرکاری بلز کو منظوری دے دی اور اپنے کاموں کو مکمل کرلیا ۔ کئی عوامی مسائل پر مباحث باقی ہیں۔ لیکن حکومت اس کیلئے تیار نہیں ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ خانگی ٹیچرس کے علاوہ بیروزگار نوجوانوں کے مسائل پر حکومت نے کوئی اعلان نہیں کیا ۔ روزگار سے محروم ایک شخص ناگولو نے اسمبلی کے روبرو خودسوزی کرلی لیکن حکومت کی جانب سے کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا ہے ۔ کئی عوامی مسائل کو نظر انداز کرتے ہو ئے اجلا س کو ملتوی کرنا دراصل اپوزیشن کو کچلنے کی سازش ہے۔