حیدرآباد ۔ یکم ؍ مارچ ( سیاست نیوز) سینئر کانگریس قائد و رکن پارلیمان بھونگیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ پر تلنگانہ کو لوٹ لینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ریاست تلنگانہ کے غریب عوام پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے آج ضلع کے کیتی پلی میں پرائمری اگریکلچرل کو آپریٹیو سوسائٹی کے صدرنشین کی حلف برداری کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ لوک سبھا بھونگیر میں 9 میونسپلیٹیز میں کانگریس پارٹی کے کونسلرس نے کامیابی حاصل کی ۔ لیکن تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے غیر قانونی طریقہ استعمال کر کے میونسپل چیرمین عہدوں پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے امیدواروں کو منتخب کروالیں ۔ مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سابق کانگریس حکومت میں متعارف کردہ روزگار ضمانت اسکیم کے ذریعہ ہی غریب عوام خوش ہیں ۔ اور مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے فنڈز کے ذریعہ ہی مواضعات میں ترقیاتی اقدامات کئے جاتے ہیں جس کے ذریعہ ہی مواضعات کی ترقی ہوا کرتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی تلنگانہ حکومت کے پاس فنڈز ہی نہیں ہیں ۔ کیونکہ خود چیف منسٹر مسٹر کے چندراشیکھر راو تمام فنڈز کو لوٹ لے رہے ہیں ۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت سے فنڈز حاصل کر کے کتیے پلی کی ترقی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔
رکن پارلیمان کانگریس پارٹی نے ریاستی حکومت کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ کسانوں کے خودکشی واقعات کو روک نہیں سکے ۔