ہاؤزنگ کیلئے مرکزی فنڈ کا عدم استعمال، کانگریس ترجمان اندرا شوبھن کا بیان
حیدرآباد۔/7 فبروری، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کی ترجمان اندرا شوبھن نے ٹی آر ایس حکومت پر غریبوں سے ڈبل بیڈروم مکانات کے وعدے پر عمل آوری میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اندرا شوبھن نے کہا کہ ٹی آر ایس نے ووٹ حاصل کرنے کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات کا وعدہ کیا تھا۔ غریب عوام مرکز اور ریاستی حکومت کی جانب سے وعدے کی تکمیل کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتوں کو مکانات کی تعمیر میں کوئی سنجیدگی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں اندراماں اسکیم کے تحت جو مکانات تقسیم کئے گئے تھے کے سی آر نے ان پر نکتہ چینی کی تھی لیکن ڈبل بیڈ روم کے اپنے وعدہ کی تکمیل میں ناکام ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں صرف 12 فیصد مکانات تعمیر کئے گئے۔3 اضلاع نارائن پیٹ ، وقارآباد اور کمرم بھیم میں ایک گھر بھی تعمیر نہیں کیا گیا۔ 6 اضلاع ناکرنول، ونپرتی، منچریال ، پدا پلی، رنگاریڈی اور آصف آباد میں 100 سے کم مکانات کی تعمیر عمل میں آئی ہے۔وزیر ہاؤزنگ پرشانت ریڈی نے اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ مارچ تک 2 لاکھ مکانات کی تعمیر کا کام مکمل ہوجائے گا۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں ایک لاکھ مکانات کے منجملہ صرف 7944 مکانات مکمل کئے گئے۔ ٹی آر ایس حکومت نے دوسری بار منتخب ہونے پر ذاتی زمین رکھنے والے 5 لاکھ افراد کو مکانات منظور کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے 2014-18 کے درمیان ریاست کو 2 لاکھ 3146 مکانات اور 1,156 کروڑ پرائم منسٹر آواس یوجنا کے تحت جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی اسکیم کے استفادہ کنندگان کے انتخاب میں ریاستی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ مرکزی فنڈ کے استعمال میں ناکامی پر مودی حکومت خاموش کیوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں کرپشن کے الزامات عائد کررہی ہے لیکن مرکز سے تحقیقات کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے تلنگانہ سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر اعتراض کیا اور اسے عوام کی توہین قرار دیا۔ اندرا شوبھن نے حاجی پور واقعہ کے مجرم سرینواس ریڈی کو فاسٹ ٹریک کورٹ کی جانب سے پھانسی کی سزا کا خیرمقدم کیا۔